عالمی برادری کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے وحشیانہ بھارتی مظالم پر اپنی خاموشی ترک کرے،حریت کانفرنس

منگل 15 جولائی 2025 19:49

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بی جے پی کی بھارتی حکومت کی طرف سے ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم اور سیاسی ناانصافیوں پر عالمی برادری کی مسلسل خاموشی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بڑی تعداد میں قابض بھارتی فوجیوں کی تعیناتی اور ہر وحشیانہ ہتھکنڈہ آزمانے کے باوجود مودی حکومت کشمیری عوام کے جذبہ حریت کوکمزور کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اگست 2019سے بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں اپنی ریاستی دہشت گردی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں اوروادی کشمیر کو کشمیریوں کیلئے ایک جہنم میں تبدیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

عبدالرشید منہاس نے واضح کیاکہ دیرینہ حل طلب تنازعہ کشمیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن وسلامتی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے تنازعہ کشمیر گزشتہ 77سال سے زائد عرصے سے حل طلب ہے جس کی وجہ سے کشمیریوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔

حریت ترجمان نے عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں جاری بھارتی ظلم و بربریت سے کشمیریوں کو نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کرے اورکشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور دیر پاحل میں سہولت فراہم کرے ۔