Live Updates

گیلپ سروے، 52فیصد شہریوں نے محمود خان کو بہتر وزیر اعلیٰ قرار دے دیا، 47 فیصد نے علی امین گنڈاپور کو ہٹانے کا مشورہ دے دیا

منگل 15 جولائی 2025 23:44

گیلپ سروے، 52فیصد شہریوں نے محمود خان کو بہتر وزیر اعلیٰ قرار دے دیا، ..
سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) خیبرپختونخوا کے عوام نے موجودہ وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کو انہیں ہٹانے کا مشورہ دے دیا ہے۔ گیلپ پاکستان کے تازہ عوامی سروے میں 47فیصد شہریوں نے گنڈاپور کو تبدیل کرنے کی رائے دی، جبکہ 40 فیصد نے ان کی برطرفی کی مخالفت کی۔

گیلپ پاکستان کے اس حالیہ سروے میں خیبرپختونخوا سے 3ہزار شہریوں کی رائے لی گئی، جس میں عوامی رجحانات کا واضح اظہار سامنے آیا۔ سروے میں شامل 52فیصد افراد نے سابق وزیر اعلیٰ محمود خان کی کارکردگی کو موجودہ وزیر اعلیٰ سے بہتر قرار دیا، جب کہ صرف 37فیصد افراد نے علی امین گنڈاپور کو بہتر وزیر اعلی سمجھا۔

(جاری ہے)

سروے کے مطابق پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کارکردگی پر بھی عوام نے کھل کر رائے دی۔

50 فیصد شہریوں نے مریم نواز کو گنڈاپور سے بہتر قرار دیا، جبکہ 39 فیصد نے گنڈاپور کو مریم نواز سے بہتر جانا۔ حیران کن طور پر تحریک انصاف کے 37 فیصد ووٹرز بھی مریم نواز کی کارکردگی کو بہتر قرار دیتے نظر آئے۔علی امین گنڈاپور کی کارکردگی پر اپنی ہی پارٹی کے ووٹرز کی رائے بھی منقسم رہی۔ پی ٹی آئی کے 36 فیصد سپورٹرز نے انہیں ہٹانے کی حمایت کی، جبکہ 53 فیصد نے ان کا ساتھ دینے کی رائے دی۔

سروے میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ صوبے میں کرپشن کے خاتمے میں ناکامی پر 53 فیصد شہریوں نے گنڈاپور حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا، جبکہ 49 فیصد نے بے روزگاری میں اضافے پر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب 64 فیصد شہریوں نے صحت اور صاف پانی کی سہولیات کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کیا، اور 62 فیصد نے تعلیمی شعبے کی بہتری کو سراہا۔سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ نتائج خیبرپختونخوا میں عوامی اعتماد کی تبدیلی کی نشاندہی کرتے ہیں، جو تحریک انصاف کے اندرونی فیصلوں اور آئندہ قیادت پر براہ راست اثر انداز ہو سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات