وفاقی وزیر صحت نے پولیو کے قطرے نہ پلوانے والے والدین کو گرفتار کرنے سے روک دیا

پولیو ویکسین بارے پھیلی غلط فہمی کو دور کرنے کی ضرورت ، ہمارے ماحول میں پولیو ہے،مصطفی کمال کی سینیٹ اجلاس میں بریفنگ

منگل 15 جولائی 2025 20:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے پولیو کے قطرے نہ پلوانے والے والدین کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق سینیٹ اجلاس میں توجہ دلا نوٹس پر جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے کہا کہ رواں سال پولیو کی14کیسز سامنے آئے ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پولیو ہمارے ماحول میں موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین کے حوالے سے غلط فہمی نہ جانے کیوں لوگوں کے ذہنوں میں بیٹھ گئی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر صحت نے آگاہ کیا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والے والدین کو پولیس کے ذریعے گرفتار کرنے سے روک دیا ہے اور اس مسئلے کا حل نکالنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پولیو کے مسئلہ پر میں خود وہاں گیا تھا، بنوں سے زیادہ تر ان علاقوں میں کیسز آئے جہاں ہماری رسائی نہیں تھی، پولیو کی ویکسین سے متعلق منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

سید مصطفی کمال نے کہا کہ پورے پاکستان کے اضلاع سے پولیو کے نمونے مثبت آرہے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ ہمارے ماحول میں پولیو وائرس موجود ہے، جو پولیو کے قطرے پی رہے ہیں وہی لوگ محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورے افغانستان میں قندھار کے علاوہ تمام صوبوں میں پولیو کی مہم جارہی ہے۔