م*بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے ، لالہ یوسف خلجی

منگل 15 جولائی 2025 21:10

8کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے کارکنوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کرنے کے بعد کچرے کی ٹوکری میں پھینک دیا جاتا ہے، صوبے میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہونے کے باوجود کارکن دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں وزرا اور ارکان اسمبلی کارکنوں کے جائز کام بھی نہیں کرتے جس کا صدر مملکت آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری فوری نوٹس لیں بصورت دیگر آئندہ انتخابات میں صوبے میں کوئی پیپلز پارٹی کا نام لینے والا بھی نہیں ہوگا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ 8فروری کے انتخابات کے بعد بلوچستان میں پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت قائم ہوئی ڈیڑھ سالہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود صوبے میں پیپلز پارٹی کے کسی بھی ورکر کا کوئی کام نہیں ہواہے جو پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے ساتھ زیادتی ونا انصافی کے مترادف ہے کارکن اپنے چھوٹے موٹے کاموں کیلئے صوبائی وزرا اور ارکان اسمبلی کے دفتروں کے چکر لگالگاکر تھک چکے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو ٹشوپیپرکی طرح استعمال کرنے کے بعدپھینک دیا جاتا ہے اورانہیں پوچھنے والا بھی کوئی نہیں ہے وزرا اورارکان اسمبلی عوام اور کارکنوں کے مسائل حل کرنے کی بجائے اپنے بینک بیلنس میں اضافے اور کرپشن میں لگے ہوئے ہیں اور کارکنوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے اگر یہی حالات رہے تو آنے والے انتخابات میں بلوچستان میں کوئی پیپلز پارٹی کا نام لینے والا بھی نہیں ہوگا۔انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اورچیئرمین بلاول بھٹو زرداری بلوچستان میں کارکنوں کو نظرانداز کرنے اورانکے کام نہ ہونے کانوٹس لیں بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے کارکن صوبائی وزرا اورارکان اسمبلی کے دفاتر کا گھیرا سمیت سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہونگی