پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان

قومی فضائی کمپنی لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے اپنی پروازوں کا آغاز کرے گی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 جولائی 2025 15:15

پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جولائی 2025ء ) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے برطانیہ کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن نے برطانیہ کی جانب سے پابندیوں کے خاتمے کے بعد ابتدائی مرحلے میں 3 شہروں کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت پی آئی اے لندن، مانچسٹر اور برمنگھم کے لیے اپنی پروازیں شروع کرے گی، برطانوی شہروں کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز 14 اگست سے کیا جائے گا، اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے نے کہا ہے کہ قومی فضائی کمپنی برطانیہ کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کرنے کے لیے تیار ہے، یہ سب سخت فلائٹ سیفٹی معیارات کی پابندی کے بعد ممکن ہوا جس کا برطانیہ کی ایئر سیفٹی کمیٹی نے جائزہ لیا۔

PIA
بتایا گیا ہے کہ پاکستان کا نام برطانیہ کی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا گیا ہے جس کے نتیجے میں پاکستانی فضائی کمپنیاں اب برطانیہ کے لیے پروازوں کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں، جن کی روشنی میں پاکستان ایئر لائنز اب برطانیہ کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کرسکیں گی، ایئرلائنز کو پروازوں کے لیے یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت لینا ہو گی۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں برطانیہ نے پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ای ویزہ کی نئی سہولت کا بھی آغاز کردیا جس کے تحت برطانیہ جانے والے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کو 15 جولائی سے پاسپورٹ پر ظاہری سٹیکر ویزہ کی ضرورت ختم ہوگئی کیوں کہ برطانوی حکومت نے زیادہ تر طلبہ اور پیشہ ور افراد کے لیے ویزہ کی فزیکل امیگریشن دستاویزات کی جگہ ڈیجیٹل امیگریشن اسٹیٹس یعنی ای ویزہ متعارف کرایا ہے، ای ویزہ کسی فرد کی برطانیہ میں امیگریشن کی اجازت اور اس سے منسلک شرائط کا آن لائن ریکارڈ ہے، جسے یو کے ویزہ اینڈ امیگریشن (UKVI) کے اکاؤنٹ میں لاگ اِن کرکے دیکھنا ممکن ہے، ای ویزہ بارڈر اینڈ امیگریشن سسٹم کا ایک جدید نظام ہے جو ویزہ کے عمل کو مزید آسان، محفوظ، ڈیجیٹل اور مربوط بنائے گا۔