غیرملکی امداد میں کٹوتیوں سے صحت کی فنڈنگ 15 سال کی کم ترین سطح پر آ جائے گی، تحقیق

بدھ 16 جولائی 2025 17:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)ایک تحقیقی مطالعے میں بتایا گیا ہے کہ امریکا کی قیادت میں غیر ملکی امداد میں کی گئی وسیع کٹوتیوں کے باعث بین الاقوامی صحت کی فنڈنگ 15 سال کی کم ترین سطح پر آ جائے گی۔عالمی میڈیا رپورٹ کے مطابق تحقیقی مطالعے میں خبردار کیا گیا ہے کہ دنیا عالمی صحت کی کفایت شعاری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکی ہے۔

خیال رہے کہ دنیا کے کچھ غریب ترین اور سب سے زیادہ ضرورت مند افراد کو صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والا پیسہ اس سال ڈونلڈ ٹرمپ انتظامیہ کی قیادت میں ڈرامائی طور پر کم کر دیا گیا ہے،معتبر جریدے دی لانسیٹ میں شائع ہونے والے اس نئے تحقیقی مطالعے میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ امدادی کٹوتیوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

محققین کااندزہ ہے کہ کووڈ-19 وبائی مرض کے دوران 2021 میں 80 ارب ڈالر کی ریکارڈ بلند سطح پر پہنچنے کے بعد، صحت کے لیے عالمی امداد کی کل رقم اس سال 39 ارب ڈالر تک گر جائے گی، یہ 2009 کے بعد کی سب سے کم سطح ہو گی۔مطالعے کے مصنفین نے خبردار کیا کہ اس طرح کی ڈرامائی تبدیلی کے نتیجے میں دنیا ’ عالمی صحت کی کفایت شعاری کے ایک نئے دور’ میں داخل ہو جائے گی۔

مطالعے کے مطابق، کٹوتیوں سے سب صحارا افریقی ممالک جیسے صومالیہ، جنگ زدہ جمہوری جمہوریہ کانگو اور ملاوی سب سے زیادہ متاثر ہوں گے کیونکہ ان کی زیادہ تر صحت کی فنڈنگ فی الحال بین الاقوامی امداد سے آتی ہے۔تحقیقی مطالعے میں کہا گیا کہ فنڈنگ میں کٹوتیوں کا ایچ آئی وی/ایڈز، ملیریا اور تپ دق سمیت مختلف بیماریوں کے علاج اور روک تھام پر بڑا اثر پڑے گا۔

تحقیق کے مطابق امریکا نے 2025 میں اپنی عالمی صحت کی فنڈنگ میں گزشتہ سال کے مقابلے میں کم از کم 67 فیصد کمی کی ہے، برطانیہ نے اپنی فنڈنگ میں تقریباً 40 فیصد کمی کی، اس کے بعد فرانس نے 33 فیصد اور جرمنی نے 12 فیصد کمی کی۔امریکا میں قائم انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ میٹرکس اینڈ ایویلوایشن کے محققین نے دنیا پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر صحت امداد میں اضافہ کرے، انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ ممالک کو فنڈنگ کے دیگر ذرائع تلاش کرنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

یہ مطالعہ ایڈز کے ماہرین کی روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں ایچ آئی وی سائنس پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کے موقع پر جاری کیا گیا۔اس ماہ کے اوائل میں شائع ہونے والے ایک اور لانسیٹ مطالعے کے مطابق، صرف امریکی غیر ملکی امداد میں کٹوتیوں کے نتیجے میں 2030 تک 14 ملین سے زیادہ لوگوں کی اموات کا اندازہ لگایا گیا ہے۔