Live Updates

مودی سرکارکے بھارت کودنیا کی تیسری بڑی معیشت بنانے کے دعوے کڑی تنقید کی زد میں

بدھ 16 جولائی 2025 20:35

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) مودی حکومت کی جانب سے بھارت کو دنیا کی تیسری بڑی معیشت بنانے کے دعوے کو شدید تنقید کا سامنا ہے، جبکہ ملک بھر میں سڑکوں کے دھنسنے اور پلوں کے گرنے کے مسلسل واقعات نے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔ مہاراشٹرا کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے وزیر اعظم نریندر مودی کی حالیہ تقریر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک میں پل گر رہے ہوں، سڑکیں زمین میں دھنس رہی ہوں اور قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہوں، تو ایسی ترقی کس کام کی، اجیت پوار کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب ملک کے مختلف حصوں میں مون سون کے دوران بنیادی انفراسٹرکچر کی ناقص حالت کے باعث کئی افسوسناک واقعات پیش آ چکے ہیں۔

9 جولائی کو وڈودرا میں ایک پل گرنے سے 20 افراد جان سے گئے، جب کہ 10 جولائی کو گروگرام میں بارش کے بعد سڑک دھنسنے سے ایک ٹرک گڑھے میں جا گرا۔

(جاری ہے)

اسی طرح 4 جولائی کو ممبئی میں 250 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والے فلائی اوور پر افتتاح کے چند دن بعد ہی گڑھے پڑ گئے۔ پوار نے کہا کہ کئی پل اپنی عمر پوری کر چکے ہیں، اور ان کے بارے میں ماہرین اور بین الاقوامی کمپنیاں خبردار بھی کر چکی ہیں کہ وہ اب قابل استعمال نہیں۔

کچھ پل ایسے ہیں جو 100 سال پرانے ہو چکے ہیں، انہیں فوراً بند کر دینا چاہیے تاکہ مزید جانیں ضائع نہ ہوں، انہوں نے خبردار کیا۔ دی وائر کی رپورٹ کے مطابق، حالیہ ہفتوں میں ملک بھر میں درجنوں مقامات پر سڑکیں بیٹھنے اور پلوں کے منہدم ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں، جن میں جان و مال کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ ان حالات میں اپوزیشن اور حکومتی اتحادیوں نے مودی سرکار سے سوال کیا ہے کہ اگر ملک واقعی تیسری بڑی معیشت بن چکا ہے تو بنیادی سہولیات اور شہری سلامتی کے اس حال کی کیا توجیہ ہی ماہرین اور مبصرین کا کہنا ہے کہ جی ڈی پی میں اضافہ ملک میں عدم مساوات، ناقص حکمرانی، اور انفراسٹرکچر کی تباہ حالی کو نہیں چھپا سکتا۔

اجیت پوار کی یہ تنقید ایسے وقت میں آئی ہے جب خود مودی حکومت کے اتحادی بھی عوامی تحفظات کو نظر انداز نہ کرنے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔ ملک کے شہری حلقوں میں بھی یہ سوال زور پکڑ رہا ہے کہ "کیا صرف اعداد و شمار کی ترقی ہی اصل کامیابی ہے، یا پھر عام شہری کی جان و مال کا تحفظ بھی اس ترقی کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات