Live Updates

وزیراعلیٰ مریم نوازکا چھت گرنے اورکرنٹ سے اموات پراظہار افسوس، تحقیقات کا حکم

بدھ 16 جولائی 2025 22:02

وزیراعلیٰ مریم نوازکا چھت گرنے اورکرنٹ سے اموات پراظہار افسوس، تحقیقات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور میں پیش آنے والے دو افسوسناک حادثات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ان سانحات میں ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جبکہ ہربنس پورہ میں کرنٹ لگنے سے دو معصوم بچے جاں بحق ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے مریدوال گاؤں میں مسلسل بارش کے باعث خستہ حال مکان کی چھت منہدم ہو گئی۔

ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور ملبے سے پانچ افراد کی لاشیں نکالی گئیں۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا، جس کے بعد علاقے کی فضا سوگوار ہو گئی۔دوسری جانب ہربنس پورہ کے علاقے میں آہنی پیٹی میں کرنٹ آنے سے 15 سالہ اویس اور اس کی 13 سالہ بہن نشاء جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کے بعد ریسکیو اور پولیس حکام نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی اور میتیں میاں میر ہسپتال منتقل کر دی گئیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے دونوں واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت جاری کی کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امدادی سہولیات فراہم کی جائیں۔وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، ننگی تاروں اور دھاتی اشیاء کو چھونے سے اجتناب برتیں اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں۔ انہوں نے حادثات کی مکمل تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات