مسیحی برادری کو ان کے حقوق دیئے جائیں، سلیمان گل

بدھ 16 جولائی 2025 23:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) بلوچستان پشتون بیلٹ مینارٹی ایکشن الائنس کے رہنمائوں سلیمان گل، وکی بھٹی اور راج پراچہ نے کہا ہے کہ مسیحی کمیونٹی کو نظر انداز کرکے دیوار سے لگایا جارہا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ پشتون علاقوں سمیت بلوچستان بھر میں بسنے والے مسیحی برادری کو سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں جماعت اسلامی کے رہنماء عبدالنعیم رند سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گورنر بلوچستان، وزیرا علیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری ، پاکستان پیپلزپارٹی ،مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء کے ذمہ داران سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صوبائی اسمبلی میں براجمان اقلیتی نمائندے عوام خصوصاًپشتون علاقوں میں رہنے والے اقلیتوں کو نظر انداز کررہے ہیں اس کا نوٹس لیکر ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ سلسلہ گزشتہ 60 سال سے چلا آرہا ہے نہ ہی کوئی ترقیاتی کام کئے جاتے ہیں جس کی وجہ سے بدحالی اور پسماندگی کا شکار ہیں۔ کرسمس، دیوالی گرانٹ ، میڈیکل گرانٹ اور یاترہ کے چیکس میں پشتون بیلٹ کے اقلیتوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری آبادی کے لحاظ سے زیادہ ہونے کے باوجود ان کی آبادی کو نظر انداز کرکے ہندو کمیونٹی کو نوازا جاتا ہے جوکہ سراسر نا انصافی اور ہمارے حقوق پر ڈاکہ ہے جس کی وجہ سے بلوچستان میں بسنے والے مسیحی برادری غربت، کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے حکومتی سطح پر نمائندگی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل جنم لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرسمس گرانٹ کے چیک جوکہ فروری 2025ء میںمسیحی قوم کو دیئے گئے جب لسٹیں چیک کی تو پتہ چلا کہ لسٹوں میں بہت سے نام ہندو برادری کے شامل ہیں جس میں سنجے کی ٹیم کے فوکل پرسن اور پی ایس ملوث ہے۔ میڈیکل چیکس کی مد میں اقلیتی عوام کو چیکس دیئے گئے مگر پشتون بیلٹ اور دیگر چھوٹے علاقوں کے مریضوں کو نظر انداز کیا گیا۔ اس کے علاوہ ترقیاتی اسکیمات میں ہوشربا کرپشن کی تائید مکھی شام لعل لاسی نے خود کیا ہے۔ رہائشی کالونیوں کے لئے درخواستیں دیں مگر ہمیں کہا گیا کہ انکار کردیا جبکہ اپنی آبائی علاقے کے لئے بیس ایکڑ زمین کچھ عرصہ بعد ہی منظور کرلی جوکہ کھلا تضاد اور ہمارے ساتھ نا انصاف ہے۔