وزیر اعلی سندھ کاایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے 10کروڑ روپے گرانٹ کا اعلان

بدھ 16 جولائی 2025 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے ایشیا کپ وہیل چیئر کرکٹ ٹورنامنٹ کیلئے 10کروڑ روپے گرانٹ، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل( پی ڈبلیو سی سی)کیلئے سالانہ 1.5کروڑ روپے گرانٹ اور قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کیلئے ایک مخصوص کسٹمائزڈ کوسٹر(منی بس)دینے کا اعلان کیا ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے یہ اعلان بدھ کے روز وزیراعلی ہائوس میں دو مرتبہ ایشین چیمپئن رہنے والی پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم سے ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات نے معذور کھلاڑیوں کیلئے کھیلوں کے فروغ میں سندھ حکومت کے بڑھتے ہوئے عزم کو اجاگر کیا، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم، جو مسلسل دو بار ایشیا کپ جیت چکی ہے، ہمت، عزم اور کھیلوں میں اعلی کارکردگی کی علامت بنتی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وزیر تعلیم سردار شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، وزیر کھیل محمد بخش مہر، وزیراعلی کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور محکمہ برائے خصوصی افراد(ڈی ای پی ڈی)کے سیکریٹری طلحہ فاروقی نے شرکت کی۔

وفد میں پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کی صدر رخسانہ راجپوت اور ٹیم کے کپتان محمد ذیشان شامل تھے جنہوں نے وزیر اعلی سندھ کو آنے والے بین الاقوامی وہیل چیئر کرکٹ ایونٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ملاقات کے دوران وزیراعلی سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وہیل چیئر کرکٹ سیریز ستمبر 2025میں کراچی میں منعقد ہوگی۔ وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ 2025کی میزبانی پاکستان کرے گا، جو اکتوبر میں کراچی اور حیدرآباد کے میدانوں میں کھیلا جائے گا۔

ایشیا کپ میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، نیپال، سری لنکا، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور ممکنہ طور پر بھارت شامل ہوں گے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے آنے والے ٹورنامنٹس کے کامیاب انعقاد اور قومی ٹیم کو مضبوط بنانے کیلئے 10کروڑ روپے کی خصوصی گرانٹ، پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل کیلئے 1.5 کروڑ روپے کی سالانہ گرانٹ اور قومی وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے لیے ایک مخصوص کوسٹر(منی بس) فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

وزیراعلی سندھ نے وزیر کھیل محمد بخش مہر کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر ایشیا کپ میچوں کی میزبانی کے لیے نیاز اسٹیڈیم حیدرآباد میں تزئین و آرائش اور تیاری کا کام شروع کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم پرعزم ہیں کہ ایشیا کپ کو شایان شان اور باوقار انداز میں منعقد کیا جائے، ہماری وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے اور ہمیں انہیں وہ تمام سہولیات فراہم کرنی چاہئیں جس کے وہ حق دار ہیں۔انہوں نے ٹیم کے کپتان محمد ذیشان کو ان کی قیادت اور ٹیم کی شاندار کامیابیوں کے اعتراف میں روایتی سندھی تحائف اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کیے۔