سردار ایاز صادق کاآواران میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

بدھ 16 جولائی 2025 23:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے آواران میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے آپریشن کے دوران میجر سید رب نواز طارق کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک پیغام میں انہوں نے میجر سید رب نواز طارق کی جرات اور بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہید میجر سید رب نواز طارق کی جرات اور بہادری کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

شہداء کی قربانیاں ہماری قومی سلامتی و آزادی کی ضمانت ہیں۔بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان جیسے دہشتگردوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔قوم کو اپنے بہادر افسروں اور جوانوں پر فخر ہے۔

پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز ملکر دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع و استحکام کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہید کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اورکہا کہ دکھ کی گھڑی میں شہید میجر رب نواز طارق کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے شہید میجر سید رب نواز طارق کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔