ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا جموں و کشمیر میں بھارتی پیراملٹری کی مزید 20 بٹالین کی تعیناتی پر اظہار تشویش

جمعرات 17 جولائی 2025 11:00

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی (ڈی ایف پی) نے بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مزید20بٹالین کی علاقے میں تعیناتی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر قانونی قبضے کو مزید مضبوط کرنے کا ایک اور اقدام قرار دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مزید فورسز اہلکاروں کو علاقے میں بھیجنے کا فیصلہ مودی حکومت کے مذموم عزائم کا پتہ دیتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں پہلے ہی دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار تعینات ہیں جنہوں نے کشمیریوں کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ایک طرف علاقے میں حالات معمول پر لانے کا دعویٰ کر رہی ہے ، اگر وہ اپنے دعوے میں درست ہے تو مزید فوجی علاقے میں بھیجنے کی کیا ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت تنازعہ کشمیر کو پر امن طریقے اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے بجائے جارحیت اور فوجی طاقت کے استعمال کی پالیسی پر مسلسل عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے کہ طاقت کے وحشیانہ استعمال اور جابرانہ ہتھکنڈوں سے قوموں کی جائز خواہشات کو دبایا نہیںجاسکتا۔دریں اثنا، ڈی ایف پی کے ترجمان نے ”یوم شہدائے کشمیر “پر قابض حکام کے جابرانہ اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ہرگز دبا نہیں سکتا۔