اورنج لائن و میٹرو بس کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ

ٹوکن ختم کرکے بار کوڈ سسٹم لایا جائے گا، بینکوں کے کارڈز اور موبائل فون ایپ اکاؤنٹ کے ذریعے کرائے کی ادائیگی ہوگی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 12:08

اورنج لائن و میٹرو بس کیلئے ڈیجیٹل پیمنٹ متعارف کرانے کا فیصلہ
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) صوبہ پنجاب میں میٹرو بس اور اورنج لائن کے لیے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا، جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ نے شرکاء کو یلو لائن لاہور اور گوجرانوالہ بی آر ٹی پر تفصیلی بریفنگ دی، بریفنگ میں لاہور میں پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹر کے ڈیزائن اور کلر کی سفارشات کا بھی جائزہ لیا گیا اور حکام نے بتایا کہ لاہور میں 50 پری فیبریکیٹڈ بس شیلٹرز کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے، پنجاب کے اضلاع میں الیکٹرک بسوں کی فراہمی اگست سے شروع ہو گی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ہوئے فیصلے کے تحت اورنج لائن ٹرین اور میٹرو بس میں ٹوکن سسٹم ختم کرتے ہوئے کارڈ بیسڈ پیمنٹ کے ذریعے بار کوڈ سسٹم لایا جائے گا، کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ/اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل ایپ اکاؤنٹ کے ذریعے کرائے کی ادائیگی ہوگی، ماس ٹرانزٹ سسٹم میں این ایف سی یعنی کارڈ ٹیپ اینڈ گو کے ذریعے بھی کرایہ ادا کیا جا سکے گا، لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹرو بس پر کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ہی کرایہ ادا کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں بھی ای پیمنٹ سسٹم لاگو کر دیا گیا ہے، ٹوکن سسٹم جلد مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، لاہور کی اورنج لائن ٹرین پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور پیمنٹ ایپس کے ذریعے کرایہ ادا کیا جا سکے گا، صوبے بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے ایک ہی کارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لیے "ٹی کیش کارڈ" کی منظوری دے دی۔

بتایا جارہا ہے کہ ٹی کیش کارڈ کے ذریعے صوبے بھر میں ہر میٹرو بس یا اورنج لائن پر سفر ممکن ہوگا، ماس ٹرانزٹ سسٹم میں طلبہ کے لیے الگ کارڈ بھی متعارف کرایا جائے گا، ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 5 سے 18 تک کی ٹیکنیکل آسامیوں پر بھرتیوں کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے، صوبائی حکومت نے پنجاب میں پہلی بار انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ ایکسپو کے انعقاد کی اصولی منظوری بھی دی ہے۔

اس کے علاوہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے بعد صوبائی حکومت نے گاڑیوں سے متعلق تمام امور کے لیے ایک ہی جامع آر ایف آئی ڈی سٹیکر متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا ہے جب کہ اجلاس میں موٹر سائیکل رکشہ کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ متعارف کرانے پر اتفاق ہوا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے الیکٹرک رکشہ پراجیکٹ کے لیے تجاویز اور سفارشات طلب کرلی ہیں۔