پاکستان اور برطانیہ کے مابین ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر مذاکرات کا ساتواں دور

جمعرات 17 جولائی 2025 14:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) پاکستان اور برطانیہ کے مابین ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر مذاکرات کا ساتواں دور 16 جولائی 2025 کو لندن میں منعقد ہوا۔ دونوں فریقین نے باہمی تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کےلئے باقاعدہ مکالمے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔آئندہ مذاکرات کا دور اسلام آباد میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور بین الاقوامی سلامتی کے ایڈیشنل سیکرٹری، سفیر طاہر اندرابی اور برطانوی وزارت خارجہ (ایف سی ڈی او) میں ڈیفنس اور بین الاقوامی سلامتی کے ڈائریکٹر، سفیر سٹیفن للی سی ایم جی نے اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے بین الاقوامی اور علاقائی سلامتی، اسٹریٹجک استحکام ، ہتھیاروں کے کنٹرول، تخفیف اسلحہ اور عدم پھیلاؤ جیسے متعدد اہم مسائل پر جامع تبادلہ خیال کیا۔

اس کے علاوہ، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (فرسٹ کمیٹی)، کانفرنس برائے تخفیف اسلحہ (سی ڈی)، بین الاقوامی معاہدات (جیسے بی ٹی ڈبلیو سی، سی ڈبلیو سی اور سی سی ڈبلیو)، ملٹی لیٹرل ایکسپورٹ کنٹرول نظام، اور نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال اور اثرات پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک نے پرامن مقاصد کے لیے جوہری ٹیکنالوجی کے شعبے میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعاون پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔

2015 سے شروع ہونے والی اس گفتگو میں ہتھیاروں کے کنٹرول، عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر دوطرفہ تعاون کا ایک اہم حصہ رہی ہے۔ دونوں فریقین نے باہمی تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے میں باقاعدہ مکالمے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔ اس تناظر میں، انہوں نے اگلے سال اسلام آباد میں مشاورت کی اگلی دور کے انعقاد پر اتفاق کیا۔