Live Updates

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

نالہ لئی کے قریبی و نشیبی علاقوں کے رہائشی خطرے کا سائرن بجنے پر فوری انخلاء کی تیاری رکھیں؛ این ڈی ایم اے کی ہدایت

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 جولائی 2025 14:20

آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 جولائی 2025ء ) آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، اس ضمن میں ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں 24 سے 48 گھنٹوں تک وقفے وقفے سے تیز بارش کا امکان ہے جس کے باعث نالہ لئی میں ممکنہ طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ نالہ لئی کے قریبی اور نشیبی علاقوں کے رہائشی خطرے کا سائرن بجنے پر فوری انخلاء کی تیاری رکھیں، اس کے علاوہ لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات،گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش کا امکان ہے، شدید بارشوں کے خدشے کے پیش نظر شہروں میں سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے، شہری متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

(جاری ہے)

ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید مون سون بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورت حال کے پیش نظر پاک فوج نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، متاثرہ علاقوں میں فوجی ہیلی کاپٹرز، جوانوں اور پولیس اہلکاروں کی مشترکہ کاوشوں سے درجنوں متاثرین کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے، ضلع جہلم کے رسول نگر خورد، برہان نالہ، ڈھوک بھیدر اور داراپور سمیت کئی مقامات پر شدید طغیانی دیکھی گئی جہاں متاثرہ افراد کو ہیلی کاپٹرز کی مدد سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جارہا ہے فوجی اہلکار متاثرین کو لائف جیکٹس، خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروری سامان بھی فراہم کر رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات