پی او اے نے نیشنل یوتھ گیمز کونسل تشکیل دیدی

رانا مشہودچیئرمین، عارف سعید کو چیئرمین، خالد محمود سیکرٹری مقرر

جمعرات 17 جولائی 2025 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او ای) نے نیشنل یوتھ گیمز کے انعقاد کیلئے نیشنل یوتھ گیمز کونسل تشکیل دیدی۔ کونسل کی منظوری پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں دی گئی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیاہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین کو کونسل کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے جبکہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید کو کونسل کا کو چیئرمین اور سیکرٹری جنرل پی او اے خالد محمود کو کونسل کا سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کونسل میں وفاقی سیکرٹری آئی پی سی، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈی جی، آرمی کے ڈائریکٹر جنرل فٹنس اینڈ اسپورٹس، ایچ ای سی کے ڈی جی، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر، بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، سندھ، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اسپورٹس بورڈز کے سربراہان سمیت تمام صوبائی و علاقائی اسپورٹس آفیشلز کو شامل کیا گیا ہے۔نیشنل یوتھ گیمز کونسل پالیسی سازی، اسٹریٹجک فیصلوں اور نگران ادارے کے طور پر کام کرے گینیشنل یوتھ گیمز کونسل میں 3 خواتین اراکین کو بھی شامل کرنے سمیت تمام صوبوں کی نمائندگی بھی شامل ہیں۔