انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کا اجلاس ، ڈاکٹر آفاق صدیقی نے افسوسناک واقعے کی تفصیلات بیان کیں

جمعرات 17 جولائی 2025 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کی مجلس عاملہ کا ایک اہم اجلاس اسٹاف کلب میں منعقد ہوا اجلاس کا باقاعدہ آغاز ڈاکٹر آصف رضا خان کی جانب سے تلاوت قران کریم سے ہوا اجلاس میں پروفیسر آفاق احمد صدیقی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں ڈاکٹر آفاق صدیقی نے دو روز قبل ان کے ساتھ پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی تفصیلات بیان کیں- پروفیسر آفاق صدیقی نے بتایا کہ واقعہ کے فورا بعد صدر انجمن اساتذہ ڈاکٹر محسن علی اور شیخ الجامعہ نے فورا رابطہ کیا اور انہیں یقین دلایا کہ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا. اگلے روز صبح رینجرز کے اعلی عہدیداران نے بھی ڈاکٹر آفاق صدیقی سے صدر انجمن کے دفتر میں سیکرٹری ڈاکٹر معروف بن روف اور ڈاکٹر ندا علی کی موجودگی میں ایک تفصیلی ملاقات کی اس ملاقات میں انہوں نے اس واقعے کی شدید مذمت کی اور ڈاکٹر آفاق سے معذرت بھی کی اور انہیں یقین دلایا کہ ملوث اہلکار کے خلاف فی الفور سخت کاروائی کی جائے گی بعد ازاں شیخ الجامعہ صاحب اور صدر انجمن اساتذہ نے آفاق صدیقی کے گھر جا کر ان سے اظہار یکجہتی کی- شام 4 بجے ڈاکٹر آفاق کی سیکٹر کمانڈر رینجرز سے ملاقات ہوئی جس میں سیکٹر کمانڈر رینجرزنے ڈاکٹر آفاق کے ساتھ بدسلوکی کرنے والے اہلکار کو اسی وقت معطل کر کے اس کے خلاف ادارہ جاتی کاروائی کے احکامات جاری کیے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر آفاق نے آخر میں تمام اساتذہ ملازمین طلبہ و طالبات کا شکریہ ادا کیا کہ وہ ان کے ساتھ اس موقع پر کھڑے رہے خاص طور پر آفاق صدیقی نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی ، صدر انجمن ڈاکٹر محسن علی سیکرٹری ڈاکٹر معروف بن روف اور خازن ڈاکٹر ندا علی رینجرز کے اعلی عہدے داران جنہوں نے جامعہ آکر آفاق صدیقی سے ملاقات اور بالخصوص سیکٹر کمانڈر رینجرز کا شکریہ ادا کیا۔

ڈاکٹر آفاق نے تمام کاروائی پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ساتھ سوشل میڈیا پر منفی قوتوں کی جانب سے اس واقعہ کو اپنے مذموم مقاصد اور پاکستان کی سلامتی کے اداروں کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈہ کے لیے اس کو استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اجلاس میں تمام شرکا نے شیخ الجامعہ، سیکٹر کمانڈر اور دیگر اعلی عہدیداران کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور اپنے مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔

اجلاس میں صدر انجمن ڈاکٹر محسن علی، غفران عالم ، ڈاکٹر ندا علی، ڈاکٹر محمد فیصل عوان، ڈاکٹر معیز، پروفیسر باسط انصاری ، پروفیسر انتخاب الفت ، پروفیسر عظمی عاشق، ڈاکٹر اسد تنولی، ڈاکٹر ذیشان اقبال، ڈاکٹر ذیشان عباس، ڈاکٹر اصف رضا خان، ڈاکٹر وقار اور ڈاکٹر کامران نے شرکت کی-