وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ملاقات

جمعرات 17 جولائی 2025 20:22

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف سے وزیر اطلاعات آزاد جموں وکشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری برائے اوقاف ملک افتخار احمد بھی موجود تھے۔ وزیر اطلاعات محمد مظہر سعید شاہ نے وفاقی وزیر سردار محمد یوسف کو سعودی عرب کی جانب سے حج مشن 2025 میں شامل تمام ممالک میں سے بہترین انتظامات پر ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

ملاقات میں آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر مذہبی و مسلکی ہم آہنگی پر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا اور نئی حج پالیسی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اطلاعات مظہر سعید شاہ نے وفاقی وزیر کو آزاد جموں و کشمیر کے دورے کی باضابطہ دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے کہا کہ آزادکشمیر میں مسلکی ہم آہنگی برقرار رکھنے اور اسلامی اقدار کے فروغ میں وہاں کے علماء کرام و مشائخ عظام کا اہم کردار ہے۔

حکومت آزادکشمیر کے ساتھ مل کر مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے کام کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ آزادکشمیر میں بہترین مذہبی و مسلکی ہم آہنگی موجود ہے، امن و امان کے لحاظ سے آزاد کشمیر پاکستان بھر میں پر امن خطہ ہے۔ اللہ کا شکر ہے محرم الحرام کے دوران مثالی مسلکی ہم آہنگی اور امن و امان برقرار رہا۔