نوابزادہ امیر حمزہ زہری کی سردار عمر گورگیج سے ملاقات، پیپلزپارٹی کو بلوچستان میں مزید فعال بنانے پر زور

جمعرات 17 جولائی 2025 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) صوبائی مشیر برائے بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے نو منتخب صوبائی صدر سینیٹر سردار عمر گورگیج سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پارٹی امور، تنظیمی سرگرمیوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے سردار عمر گورگیج کو صوبائی صدر منتخب ہونے پر پھولوں کا گلدستہ پیش کرکے مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کو بلوچستان میں مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ پارٹی کارکنان سردار عمر گورگیج کی قیادت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پالیسیوں پر عمل پیرا ہو کر پارٹی منشور کو گھر گھر پہنچائیں گے۔ مشیر بلدیات نوابزادہ امیر حمزہ زہری نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ایک دیرینہ جیالے اور منجھے ہوئے سیاستدان کو صوبائی صدر منتخب کرکے کارکنان کے دل جیت لیے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی قیادت میں سردار عمر گورگیج کے ہاتھ مضبوط کرے گی۔