Live Updates

وزیراعلی سندھ کا سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب

جمعرات 17 جولائی 2025 23:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی صرف ایک یونیورسٹی نہیں ،یہ ہمارے قومی فخر کی علامت ہے، جو قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر بلند پایہ شخصیات کی مادر علمی بھی ہے۔جمعرات کوجاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے چھٹے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ایس ایم آئی یو کے فارغ التحصیل طلبا ء کے لیے عظیم دن ہے جنہوں نے اپنی تعلیم کو ممکن بنانے کے لیے اپنا خون اور پسینہ لگایا۔ انہوں نے گریجوئیشن کرنے والے طلبا ء سے کہا یہ آپ کا دن ہے، ہمیں ڈاکٹر مجیب صحرائی کی قیادت میں اس یونیورسٹی کی شاندار پیش رفت کا اعتراف کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درحقیقت یہ بات انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ یہ یونیورسٹی پاکستان کے چند معیاری یونیورسٹیوں میں سے ایک ہونے کے ساتھ ان چند یونیورسٹیوں میں سے ایک بن گئی ہے جو مالیاتی خسارے سے نکل کر سرپلس تک پہنچ گئی ہے، خاص طور پر مہنگائی کے اس دور میں۔

اس موقع پر وائس چانسلر، فیکلٹی، اسٹاف اور ایس ایم آئی یو کے پہلے پی ایچ ڈی ڈاکٹر عبداللہ ایوب خان کو مبارکباد دیتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جیسا کہ ڈاکٹر مجیب صحرائی نے شیئر کیا، ایس ایم آئی یونیورسٹی نے اپنے پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کو ہموار کیا ہے اور پی ایچ ڈی کے حوالے سے اپنی ڈگری کے حصول میں تمام معیارات اور تقاضوں کو پورا کیا ہے، یہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی دونوں یونیورسٹیوں کو پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دیتے وقت اعلی ترین معیارات کو برقرار رکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایچ ڈی نہ صرف اسکالر کی قابلیت بلکہ ایوارڈ دینے والے ادارے کی علمی سالمیت کی بھی عکاسی کرتا ہے، جوکہ ، معیاری پی ایچ ڈی پروگرام ایک معیاری ادارے کی پہچان ہوتے ہیں اور اعلی تعلیم کے تمام درجوں میں عمدگی کے لیے اس عزم کو مستقل طور پر ظاہر کیا جانا چاہیے۔

وزیر اعلی سندھ نے فارغ التحصیل طلبا ء سے مخاطب ہوکر کہا کہ آج کا دن آپ کی زندگی کے ایک باب کا اختتام اور دوسرے کا آغاز ہے۔ جیسے جیسے آپ آگے بڑھیں، چاہے وہ افرادی قوت میں ہوں، مزید پڑھائی، انٹرپرینیورشپ، یا عوامی خدمت، اپنے ساتھ وہ اقدار اور تعلیم لے کر جائیں جو آپ نے یہاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے ایجوکیشن سٹی میں ایس ایم آئی یو کے قائم ہونے والے نئے کیمپس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ ایس ایم آئی یونیورسٹی ملیر میں اپنا نیا کیمپس شروع کرنے کے قریب ہے جو حکومت سندھ کی جانب سے مختص کردہ 100 ایکڑ اراضی پر واقع ہے۔

یہ ترقی نہ صرف معیاری اعلی تعلیم تک رسائی کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ یہ روزگار کے مواقع پیدا کرکے مقامی کمیونٹی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات بالخصوص سندھ اور مجموعی طور پر پاکستان کی ترقی کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر ایک ترقی پسند، جامع اور علم سے چلنے والے صوبہ سندھ اور پاکستان کی تعمیر کے لیے کام کریں، جہاں مواقع پروان چڑھیں اور آنے والی نسلیں ہمت اور وژن کے ساتھ آگے بڑھیں۔

انہوں نے اس کانووکیشن کو کامیاب بنانے کے لیے وائس چانسلر ڈاکٹر مجیب صحرائی کی قیادت میں فیکلٹی اور عملے کی کاوشوں کو سراہا۔انہوںنے حکومت سندھ کی جانب سے اس تاریخی سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کو مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون کا یقین بھی دلایا۔ قبل ازیں ڈاکٹر مجیب صحرائی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں وزیراعلی سندھ، گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری، چیئرمین ایچ ای سی، چیئرمین سی آئی ای سی، سیکریٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، سفارت کاروں، وفاقی محتسب اعلی انشورنس سید ممتاز علی شاہ، کانووکیشن میں شریک دیگر مہمانوں، فیکلٹی، افسران اور گریجوئیٹنگ اسٹوڈنس کا شکریہ ادا کیا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات