Live Updates

راولپنڈی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کا ریسکیو و ریلیف آپریشن

جمعرات 17 جولائی 2025 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) راولپنڈی میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب کا ریسکیو و ریلیف آپریشن جمعرات کے روز جاری رہا۔راولپنڈی میں غیر معمولی بارش کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب الرٹ ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو و ریلیف کا سامان مون سون بارشوں سے قبل فراہم کیا جا چکا ہے۔

راولپنڈی میں ایمرجینسی کے پیش نظر ریسکیو 1122 کے پاس 16 او بی ایم بوٹس، 205 لائف جیکیٹس، 31 ایمبولینس، 19 فائر بریگیڈ اور 4 ریسکیو وہیکل موجود ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے واسا کو 28 ڈی واٹرنگ سیٹ، 5 سکر مشین، 06 جیٹر مشینز اور 06 ٹریکٹر مہیا کیے گئے۔ میونسپل کارپوریشن کے پاس 5 ڈی واٹرنگ سیٹس، 7 منی ٹرک، 3 ٹرک اور 3 جنریٹر سیٹ موجو ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اس حوالے سے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر راولپنڈی میں رین ایمرجینسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے ۔

جمعرات کو راولپنڈی میں مقامی چھٹی کا اعلان گیا ہے ۔نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں سے شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سیلابی پانی میں پھنسے شہریوں کے انخلاء کو یقینی بنایا گیا ہے ۔ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے نالہ لئی کے اطراف ہیلی کاپٹرز اور ریسکیو ٹیمیں تعینات ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوان اور ریسکیو ٹیمیں موجودہ صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ ہیں۔

شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ایمر جینسی صورتحال میں شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ محفوظ مقامات پر رہیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں۔ ہنگامی صورتحال میں مدد کیلئے پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں ۔ انہوں نے کہا کہ نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشی انخلاء کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ نالہ لئی کے اطراف جمع ہونے اور نہانے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے پنجاب اور ضلعی انتظامیہ تیار ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات