کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں،وزیر جنگلات چوہدری محمد اکمل سرگالہ

کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے

جمعہ 18 جولائی 2025 14:15

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء جموں 4 نارووال سے ممبر قانون ساز اسمبلی آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کے وزیر جنگلات چوہدری محمد اکمل حسین سرگالہ نیکہا ہے کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں۔بھارت نے گزشتہ کئی دہائیوںسے کشمیریوں کو ان کے عالمی سطح پرتسلیم شدہ پیدائشی حق ، حق خودارادیت سے محض طاقت کے بل بوتے پر محروم کر رکھا ہے ۔

لیکن کشمیری عوام بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی اس مذموم سازش کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ یوم الحاق پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر حکومت نے کہا کہ 19جولائی 1947کا دن کشمیر کی تاریخ کا اہم باب ہے،آج ہی کے دن سرینگر میں قرارداد الحاق پاکستان منظور کی گئی ۔

(جاری ہے)

تقسیم ہند کے فارمولے کے تحت ریاستوں کا فیصلہ استصواب رائے کے ذریعہ ہونا تھا ۔

بھارت کی درخواست پر اقوام متحدہ نے یہ فیصلہ کیا تھا لیکن بعد کے واقعات شاہد ہیں کہ بھارتی حکمران اپنے وعدہ سے مکمل طور پرمنخرف ہو گئے جس کے نتیجے میں حق خوداراردیت کی تحریک کا آغاز ہوا جو آج بھی اسی تسلسل سے جاری ہے ۔19جولائی 1947کو کشمیریوں کی اعلیٰ قیادت کے تاریخ ساز فیصلے نے جدو جہد آزادی کا رخ جس منزل کی طرف موڑا تھا اسی عظیم مقصد کے حصول کیلئے آج مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری بھارت کی 8لاکھ سے زائد فوج کے آگے سینہ سپر ہیں ۔

اور اقوام عالم میں ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر پاکستان کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اتحاد و اتفاق پیدا کریں۔ میں اس موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ وہ پاکستان کی مضبوطی اور استحکام کیلئے نظریہ الحاق پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں بہادر افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی آزادی کے لئے جنگیں لڑی اور آج بھی وہ قربانیوں کا تسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں جس کی بناء پر پوری قوم ان کے شانہ بشانہ بھی ہے اور انہیں مضبوط ، خوشحال ، جمہوری پاکستان کا نشان منزل تصور کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے چارٹر ، سیکورٹی کونسل کی قراردادوں ، پنڈت جواہر لعل نہرو کے وعدوں پر پورا نہ اترا تو وہ اپنی سالمیت خود پارہ پارہ کردے گا۔ تحریک آزاد ی کشمیر نہ تو زمینی جھگڑا ہے نہ مذہبی تنازعہ اور علیحدگی کی جدوجہد ہے ۔ یہ خود رو پودوں کی طرح اگنے والی جمہوری تحریک ہے ۔ بھارت نے آرٹیکل 370اور دفعہ 35اے میں ترمیم کے بعد تیس لاکھ غیر ریاستی باشندوں کو ریاستی حقوق دیئے جو اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی بھیانک سازش ہے لیکن اس کے باوجود کشمیری مردو خواتین ، نوجوان ، سروں کی فصلیں کٹوا کر کفن کا لباس زیب تن کرتے ہوئے پاکستان سے رشتہ کیا ۔ لاالہ الا اللہ کا نعرہ بلند کرتے ہیں جو بھارت کی پسپائی اور آزادی کے مقدس مشن کی ضمانت ہے -