قرارداد الحاق پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل رشتے کا بنیادی حوالہ ہے،کنوینئر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ

جمعہ 18 جولائی 2025 16:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ 19 جولائی 1947 کو کشمیری قیادت کی طرف سے سرینگر میں متفقہ طور پر منظور کی جانے والی قرارداد الحاق پاکستان نہ صرف تاریخ کا ایک سنگ میل ہے بلکہ آج بھی کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل رشتے کا بنیادی حوالہ ہے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیری مسلمانوں کے اس اجتماعی شعور، خواہش اور جذبے کی آئینہ دار تھی جس کے تحت انہوں نے اپنی سیاسی، تہذیبی اور مذہبی وابستگی کی بنیاد پر اپنے مستقبل کو مملکت پاکستان کے ساتھ وابستہ کرنے کا تاریخی فیصلہ کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ دہائیوں کے بھارتی جبر، فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں اور سازشی ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری قوم آج بھی اسی عہد پر قائم ہے۔

(جاری ہے)

19 جولائی کا دن اس ناقابل تردید حقیقت کی یاد دہانی ہے کہ کشمیریوں کا پاکستان کے ساتھ رشتہ کوئی وقتی یا سیاسی ضرورت نہیں بلکہ عقیدے، ثقافت، تاریخ اور قربانیوں کی بنیاد پر استوار ایک ناقابل تنسیخ رشتہ ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیریوں کی پاکستان کے ساتھ الحاق کی جدوجہد، ان کے ناقابل شکست عزم، غیر متزلزل جذبے اور آزادی کی آرزو کا عملی اظہار ہے۔

کشمیری قوم ہر سال 19 جولائی کو اس تاریخی بندھن کی تجدید کرتے ہوئے دنیا پر واضح کرتی ہے کہ بھارت کی طاقت، جبر یا دھوکہ بازی کبھی بھی اس فطری اور تاریخی وابستگی کو ختم نہیں کر سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ 1947 کی قرارداد الحاق محض ایک تاریخی دستاویز نہیں بلکہ آج بھی کشمیریوں کی مزاحمت، قربانی اور استقامت کا مرکزی حوالہ اور ان کی تحریک آزادی کا نظریاتی سنگ بنیاد ہے۔

یہی وجہ ہے کہ آج بھی کشمیری نوجوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے اس قرارداد کی سچائی پر مہر تصدیق ثبت کر رہے ہیں۔کنونیر غلام محمد صفی نے واضح کیا کہ یوم الحاق پاکستان کشمیریوں کے اس غیر متزلزل ایمان کا مظہر ہے کہ کشمیری مسلمانوں کا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ ہے اور کشمیریوں کا حق خودارادیت ہی اس بندھن کی تکمیل کی واحد ضمانت ہے۔ عالمی برادری پر لازم ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل یقینی بنائے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔