میڈیکل کالجوں کی سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے،وزیرصحت

جمعہ 18 جولائی 2025 21:06

میڈیکل کالجوں کی سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے،وزیرصحت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء) سینیٹ کو بتایا گیا ہے کہ میڈیکل کالجوں کی سالانہ فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، اس سے زیادہ فیس لینے والے میڈیکل کالجززائد رقم واپس کریں گے یا پھر ائندہ سال میں ایڈجسٹ کرنے کے پابند ہوں گے۔جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر عبدالشکور کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نیشنل ہیلتھ سروسز مصطفی کمال نے کہا کہ یہ کہ انتہائی اہم معاملہ ہے جس پر وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی تھی،کئی ماہ کی کوششوں اور تمام متعلقہ فریقین کی آرا لینے کے بعد طے ہوا کہ میڈیکل کالجز کے طلبہ کی فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی تاہم اگر کسی میڈیکل کالج کی انتظامیہ کا موقف ہو کہ ان کا معیار دوسرے میڈیکل کالجز سے بہتر ہے تو انہیں اس کا جواز پیش کرنا ہوگا،اس کے بعد سالانہ فیس کو 25 لاکھ روپے تک بڑھایا جا سکے گا لیکن یہ فیصلہ بھی کمیٹی ہی کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ طے ہوا تھا کہ میڈیکل کالجز یافیس کی رقم ریفنڈ کریں گے یا پھر ائندہ سال میں ایڈجسٹ کر لیں گے۔جلاس کے دوران ایوان کو بتایا گیا کہ ای او بی آئی کے رجسٹرڈ ورکرز کی تعداد ایک کروڑ 16 لاکھ سے زائد ہے ،ان کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے بتایا کہ خودکار طریقہ کار کے تحت جیسے ہی رجسٹریشن ہوتی ہے ای او بی آئی کارڈ ورکر کو جاری کرکے اسے ویب سائٹ پہ بھی اپ ڈیٹ کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن کرانے والی کمپنیوں اور رجسٹرڈ ورکرز کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ ای او بی ائی کے رجسٹرڈ ورکرز کی پنشن میں 15 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نے ای او بی ائی کے معاملات سے متعلق ایک کمیٹی بھی قائم کی ہے،این ائی آر سی کے معاملات کو بھی بہتر بنایا گیا ہے،اب گھریلو ملازمین کو بھی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ ای او بی آئی کی ملکیتی عمارتوں کی تعداد 49 ہے جبکہ 40 عمارتیں کرائے پر حاصل کی گئی ہیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ ای او بی آئی کو صوبوں کے حوالے کرنے سے متعلق فیصلہ کرنے کا مجاز فورم مشترکہ مفادات کونسل ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیز میں اوپن میرٹ پہ بھرتیاں کی گئی ہیں ،بلوچستان کے کوٹے سے بھرتی نہ ہونے کے حوالے سے معلومات لیکرتفصیلات فراہم کر دی جائیں گی۔