وزیر داخلہ محسن نقوی کی قلات میں پولیس قافلے پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

جمعہ 18 جولائی 2025 19:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات سے کوئٹہ جانے والے پولیس قافلے پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فتنہ الہندوستان کی ایک اور سازش قرار دیا ہے۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں محسن نقوی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائم مقام ڈی ایس پی انسپکٹر عبدالرزاق اور کانسٹیبل رضا محمد نے جان کا نذرانہ دے کر وطن کی حرمت اور امن کی حفاظت کا عظیم فریضہ انجام دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیر داخلہ نے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان بزدلانہ حملوں سے ریاست کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد بلوچستان سمیت پاکستان کے دیگر حصوں میں بیرونی ایما پر بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر قوم کی تائید اور سکیورٹی اداروں کی جرات سے ان کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔