چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے مینیجنگ ڈائریکٹر گرین ٹورزم حسن اظہر حیات کی ملاقات

جمعہ 18 جولائی 2025 22:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان سے مینیجنگ ڈائریکٹر گرین ٹورزم حسن اظہر حیات نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں سیاحت کے فروغ اور بلوچستان کے سیاحتی مقامات سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان میں ایسے خوبصورت اور قدیم تاریخی مقامات موجود ہیں جنہیں بھر پور انداز سے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور سیاحت شعبے میں انقلابی اصلاحات متعارف کرا رہے ہیں، سیاحوں کے لیے نئے سیاحتی مقامات کو ڈویلپ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی طویل ساحلی پٹی اور خوبصورت ساحل دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ یہاں ایسے تاریخی اور قدیم مقامات موجود ہیں جنہیں دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حسن اظہر حیات نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے کے فروغ کے لیے مختلف اداروں اور حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں جن کا مقصد ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں اضافہ، عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی اور سیاحتی مقامات کی قدر و قیمت کو اجاگر کرنا ہے اور سیاحتی مقامات تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے سڑکوں، ہوٹلوں، کیمپنگ سائٹس اور ریسٹورنٹس سمیت بنیادی ڈھانچے پر توجہ دی جا رہی ہے۔

مثال کے طور پر ''گرین ٹورازم پاکستان'' کے عالمی معیار کے ہوٹلوں کا قیام اس سمت میں اہم پیشرفت ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں جدید ''کیمپ ولیجز'' بھی اس کی مثال ہیں، جہاں سیاحوں کے لیے نئے پوڈز بنائے گئے ہیں۔ اس سے مقامی معاشی حالات میں بھی بہتری آ رہی ہے اور ماحول دوست اقدامات اپنائے جا رہے ہیں۔ مختلف سیاحتی منصوبوں کے تحت مقامی نوجوانوں کی تربیت اور انہیں سیاحتی صنعت میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے جس سے علاقائی معیشت میں بہتری آئی ہے۔

ان اقدامات کی بدولت سیاحت کے شعبے میں مزید بہتری کے لیے سکیورٹی استحکام، سیاحتی مقامات تک جدید سہولیات کی فراہمی، اور بین الاقوامی معیار کے مطابق پروفیشنل ٹورزم ڈیویلپمنٹ پر توجہ دینا لازم ہے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حکومتی توجہ، پالیسی اصلاحات، اور عالمی سطح پر پاکستان کی بہتر امیج سے سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ سیاحت معاشی ترقی کے لیے بہت اہم ہے کیونکہ اس سے زر مبادلہ ملک میں آتا ہے اور روزگار کے مواقعے پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی سیاحت ایک بہت بڑی سیاحتی صنعت ہے۔ہنگلاج ماتا مندر پاکستان اور بالخصوص بلوچستان میں ہندو برادری کا ایک قدیم اور روحانی مقام ہے، جہاں ہر سال پاکستان سمیت دنیا بھر سے لاکھوں زائرین حاضری دیتے ہیں اس مقام کی مذہبی، ثقافتی اور سیاحتی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت بلوچستان نے اسے عالمی سیاحتی مقام کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ نہ صرف اقلیتی مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے بلکہ بلوچستان کی مثبت شناخت کو بھی عالمی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔

بلیو ٹورازم کو روایتی بڑے پیمانے پر سیاحت کا ایک جدید اور پائیدار متبادل سمجھا جاتا ہے، جو ساحلی علاقوں کی ماحولیاتی نظام کی صحت اور سماجی و اقتصادی ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے منفرد سمندری تجربات فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ مضبوط سیاحت کا شعبہ نہ صرف ریونیو پیدا کرنے اور یہاں تک کہ زرمبادلہ اکٹھا کرنے میں مدد دے گا بلکہ معیشت کو متحرک کرنے میں بھی مدد دے گا۔ نئے مواقع ابھریں گے اور پائیدار معاش کے دوسرے ذرائع بھی قائم ہوں گے۔ صوبائی سطح پر سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ تمام صوبوں کے لیے قومی سطح پر بھی اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔