چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ورلڈ انڈر 17 سنوکر چیمپیئن شپ میں شاندار کامیابی پر حسنین اختر کو مبارکباد

جمعہ 18 جولائی 2025 23:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ورلڈ انڈر 17 سنوکر چیمپیئن شپ میں شاندار کامیابی حاصل کرنے پر نوجوان کھلاڑی حسنین اختر کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی ہے۔ اپنے تہنیتی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ حسنین اختر نے فائنل میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف حسنین اختر کی محنت اور لگن کا ثبوت ہے بلکہ اس سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ اور جذبہ موجود ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ حسنین اختر جیسے باہمت اور پرعزم نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں اور ان کی کامیابی آئندہ آنے والے کھلاڑیوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے حسنین اختر کے روشن مستقبل اور مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔