وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت آل چیمبرز کا اعلیٰ سطح اجلاس

جمعہ 18 جولائی 2025 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جولائی2025ء) وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت کاروباری برادری اور آل چیمبرز کا اعلیٰ سطح جمعہ کو وزارتِ خزانہ میں اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، چیئرمین ایف بی آر، وزیرِ اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت رانا احسان افضال، ممبر ایف بی آر آپریشنز حامد لطیف اور ملک بھر سے چیمبرز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں کاروباری برادری کے تمام مطالبات پرتفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے اتفاقِ رائے سے تمام امور پر تجاویز مرتب کیں، جو جلد وزیرِ اعظم پاکستان کو پیش کی جائیں گی۔ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ کاروباری برادری کی مشاورت سے ہی دیرپا معاشی پالیسیاں ترتیب دی جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم اعتماد، شراکت داری اور شفافیت پر مبنی نظام قائم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

چیمبرز کے تمام نمائندگان نے حکومت کی کاوشوں کو سراہا اور معیشت کی بحالی اور بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔اجلاس میں ایف بی آر اور کاروباری برادری کے تعلقات کو بہتر بنانے اور اعتماد کے نئے دور کے آغاز پر بھی اتفاق کیا گیا۔ حکومت نے یقین دلایا کہ نجی شعبے کے تحفظات کا مکمل ادراک ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔