امریکا،ریاست کیلیفورنیا میں گرفتار آٹھ بھارتی نژاد شہریوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد ، آئندہ سماعت 24 جولائی کو ہوگی

ہفتہ 19 جولائی 2025 10:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2025ء) امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گرفتار آٹھ بھارتی نژاد شہریوں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں، آئندہ سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔ اردو نیوز کے مطابق قانون نافذ کرنے والے امریکی محکموں کے حکام نے کیلیفورنیا میں اس حوالے سے پریس کانفرنس میں بتایا کہ گرفتار بھارتی شہریوں پر اغوا اور پُرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔

سان جوکوئن کاؤنٹی کے ڈسٹرکٹ اٹارنی رون فریٹاس نےبتایا کہ پہلی دو شکایات میں ہم نے منپریت سنگھ رندھاوا، سربجیت سنگھ، گرتاج سنگھ، امرت پال سنگھ، پائوتر سنگھ اور وشال پر اغوا، تشدد، بھتہ خوری، گواہوں کو ڈرانے دھمکانے اور اسلحے کے استعمال کی فردِ جرم تیار کی ہے، ان الزامات کی بنیاد پر وہ عمر قید کا سامنا کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تصدیق کی کہ 8 ملزمان میں سے دلپریت سنگھ اور ارشپریت سنگھ سمیت 5 افراد کو ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق الزامات کا سامنا ہے۔

سان جوکوئن کاؤنٹی پولیس کے ترجمان نے ہندوستان ٹائمز کو تصدیق کی کہ گرفتار کیے گئے تمام 8 افرادبھارتی نژاد ہیں۔ ان افراد کو 11 جولائی کو ایک مربوط آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا جس میں مقامی ایجنسیوں کے ساتھ امیگریشن حکام اور فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن بھی شامل تھے۔امریکی قانون نافذ کرنے والے محکموں کی تحقیقات کا کلیدی ہدف پائوتر سنگھ تھا جو پرتشدد جرائم کی وجہ سےبھارت میں بھی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ریڈار پر رہا ہے۔

سان جوکوئن کاؤنٹی کے شیرف پیٹرک وِتھرو نے کہا کہ سنگھ کو ایک گینگ کا لیڈر سمجھا جاتا ہے جسے پاوِتر مانجھا گینگ (پی ایم جی) کے نام سے پکارا جاتا ہے۔مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق ان افراد کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب ملزمان کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والے ایک متاثرہ شخص نے ان کے ٹھکانے کی نشاندہی کی۔ 19 جون کو متاثرہ شخص کو ملزمان نے بھارتی کمیونٹی سے متعلق معلومات کے لیے اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنایا۔

متاثرہ شخص کی اطلاع پر کارروائی کے بعد گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ گرفتار افراد کے قبضے سے بندوقیں، ایک سالٹ رائفل، سینکڑوں گولیاں اور 15 ہزار ڈالر نقد قبضے میں لے لیے گئے۔گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے آئندہ سماعت 24 جولائی کو ہوگی۔ مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں نےبھارتی کمیونٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ ان گروہوں کے بارے میں مزید معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔

شیرف وِتھرو نے گینگ کے دیگر ارکان کو بھی خبردار کیا کہ پولیس ان کے خلاف کارروائی کرے گی۔سان جوکوئن کاؤنٹی پولیس نے ایکس پرکہا کہ یہ گرفتاریاں ایف بی آئی کے سمر ہیٹ اقدام کا حصہ تھیں۔ یہ ایک ملک گیر آپریشن ہے جس میں پرتشدد مجرمان اور گینگ کے ارکان کو نشانہ بنایا جا رہا ہے جو ہماری کمیونٹیز کو دہشت زدہ کرتے ہیں۔رواں سال اپریل میں امریکی قانون نافذ کرنے والے حکام نے کیلیفورنیا میں ممنوعہ ببر خالصہ انٹرنیشنل کے ایک کارکن ہیپی پاسیا کو گرفتار کیا تھا۔ پاسیا پربھارت میں ٹارگٹ کلنگ اور پولیس پر دستی بم حملوں اور بھتہ خوری میں کلیدی کردار ادا کرنے کا الزام تھا۔