شراب و اسلحہ برآمدگی کیس،علی امین گنڈاپورکے وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتارکرکے پیش کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا، وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے جاری کئے، کیس کی مزید سماعت 21 جولائی تک ملتوی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 19 جولائی 2025 16:50

شراب و اسلحہ برآمدگی کیس،علی امین گنڈاپورکے وارنٹ گرفتاری جاری، گرفتارکرکے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی 2025)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے شراب و اسلحہ برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپورکے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے، عدالت کا وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم، اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب و اسلحہ برآمدگی کیس کی سماعت ہوئی۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔ وارنٹ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے جاری کئے۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ علی امین گنڈا پور کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 21 جولائی تک ملتوی کر دی ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا ہ کے خلاف آڈیو لیک کیس کی سماعت ہوئی تھی جس میں ان کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی۔

وکیل نے بتایا تھا کہ علی امین کی پشاور ہائیکورٹ سے ضمانت ہوچکی ہے اس لئے لمبی تاریخ دیدیں۔ 23 ستمبر تک ضمانت منظور ہوچکی ہے۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پر فرد جرم عائدکرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی تھی۔کیس کی سماعت کے دوران علی امین گنڈا پور کے وکیل راجہ ظہور الحسن نے پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ عدالت علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کرسکتی۔علی امین گنڈا پور 23 ستمبر تک ہر طرح کے کیسز پر ضمانت پر ہیں۔وکیل صفائی نے کہا کہ گزارش ہے کہ ستمبر کی کوئی تاریخ دے دیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ تاریخ کے حوالے سے آرڈر کا انتظار کریں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ بارہ کہو میں شراب اور اسلحہ برآمدگی کا مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف آزادی مارچ کے مقدمات کی سماعت بھی ہوئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے مقدمات کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور اور شفقت محمود کا چالان عدالت میں پیش ہونے پر دونوں کو طلبی کے نوٹس جاری کر دئیے۔ عدالت نے دیگر غیر حاضر ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 24 جولائی تک ملتوی کر دی۔