بھارت کو عالمی دفاعی منڈی میں بڑا دھچکا

برازیل نے "آکاش" میزائل خریدنے سے انکار کر دیا، میزائل خریداری سے متعلق مذاکرات اچانک ختم ، اطالوی دفاعی نظام کی طرف رجحان

ہفتہ 19 جولائی 2025 22:05

نئی دہلی/برازیلیا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2025ء) آپریشن سندور میں بھارت کی عبرتناک عسکری شکست کے بعد اب سفارتی اور دفاعی میدان میں بھی اسے ہزیمت کا سامنا ہے۔ برازیل نے بھارت کے آکاش فضائی دفاعی نظام کی خریداری کے لیے جاری مذاکرات اچانک ختم کر دیے ہیں، جسے بھارتی دفاعی صنعت کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دکن ہیرالڈنے رپورٹ کیا ہے کہ مذاکرات کی ناکامی کے پیچھے بھارت کی جانب سے آکاش میزائل کا جدید ترین ورڑن فراہم نہ کرنے کی وجہ تھی۔ ڈیفنس ایکسپریس کے مطابق، بھارتی کمپنیوں نے صرف آکاش کا پرانا ورڑن پیش کیا جسے برازیلی فوج نے فرسودہ قرار دے کر مسترد کر دیا۔ برازیلی فوج اس وقت درمیانے سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے جدید فضائی دفاعی نظام کی تلاش میں ہے، اور بھارت کی پیشکش ان کے تقاضوں پر پورا نہ اتر سکی۔

(جاری ہے)

اس متوقع معاہدے کی مالیت تقریباً 5 ارب بھارتی روپے تھی۔ مذاکرات کی ناکامی کے بعد برازیل نے اٹلی کے جدید ایئر ڈیفنس سسٹم کے حصول پر غور شروع کر دیا ہے، اور دونوں ممالک کے درمیان ابتدائی بات چیت جاری ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق، بھارت کی اس بین الاقوامی ناکامی کا براہِ راست تعلق آپریشن سندور میں ہونے والی شکست سے جوڑا جا رہا ہے، جس نے بھارتی ہتھیاروں کی ساکھ پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔