سینیٹ الیکشن، پی ٹی آئی کا ناراض رہنماؤں کیخلاف (ن) لیگ، پی پی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ

اتوار تک پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہیں ہوئے تو حکومت اور اپوزیشن مل کر الیکشن لڑیں گے، رہنما پیپلز پارٹی طلحہ محمود کا دعوٰی

ہفتہ 19 جولائی 2025 21:45

سینیٹ الیکشن، پی ٹی آئی کا ناراض رہنماؤں کیخلاف (ن) لیگ، پی پی اور جے ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے سینیٹ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کاغذات واپس نہ لینے والے ناراض رہنماؤں کے خلاف ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی سے مل کر الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کے امیدوار طلحہ محمود نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ اتوار تک پی ٹی آئی کے ناراض امیدوار دستبردار نہیں ہوئے تو حکومت اور اپوزیشن مل کر الیکشن لڑیں گے۔

طلحہ محمودکے مطابق فیصلہ جس اجلاس میں ہوا اس میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ علی امین گنڈا پور بھی شریک تھے، اپوزیشن کی جانب سے پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور جے یو آئی کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔طلحہ محمود نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن نے معاہدے پر عملدرآمدکی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت کو 6 اور اپوزیشن کو 5 نشستیں ملیں گی، پی ٹی آئی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے ناراض امیدواروں کے خلاف کاروائی کریگی۔