ْ اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے،حریت کانفرنس

حریت کانفرنس کا تنازعہ کے حل کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کی ضرورت پر زور

اتوار 20 جولائی 2025 14:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں علاقے میں 10لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں اور پیراملٹری فورسزاہلکاروں کی موجودگی کے سنگین اثرات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے اور جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لیے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔

انہوں نے بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیوں سے نمٹنے کے لیے فوری بین الاقوامی مداخلت کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

حریت ترجمان نے سیاسی قیادت، وکلاء، صحافیوں اور نوجوانوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیاجن میں سے اکثر سالہاسال سے نظر بند ہیں۔

انہوں نے بلاجواز گرفتاریوں کے خاتمے اور فوری مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایڈوکیٹ منہاس نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کو فروغ دینے کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیرہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت کا تعین اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔بیان میں بی جے پی حکومت کی جانب سے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نئی دہلی کی ضد اور ہٹ دھرمی سات دہائیوں سے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں رکاوٹ ہے جس سے جنوبی ایشیا میں فوجی محاذ آرائی اور ایٹمی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان نے کہاکہ5اگست 2019کو دفعہ370اور 35Aکی منسوخی کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میںحالات معمول پرآنے اورترقی کے بی جے پی حکومت کے دعوئووں کے باوجود علاقے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے متنازعہ علاقے کی سنگین صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بی جے پی حکومت اور علاقے میں اس کے مقامی آلہ کاروں کی گمراہ کن اور ناقص پالیسیوں کو اس کا ذمہ دارقراردیا۔ حریت ترجمان نے کہاکہ تنازعہ کشمیرحصول اقتدارکے لئے کوئی سیاسی لڑائی نہیں بلکہ بھارت کے غیر قانونی قبضے سے لاکھوں کشمیریوں کی آزادی کا مسئلہ ہے۔انہوںنے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے بھارت پر دبائو ڈالے۔