بیرسٹر سلطان محمو دچوہدری کو پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کیلئے سردار تنویر الیاس کی منتیں

پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت سے ملاقات کروانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جانے لگا، بیرسٹر سلطان محمود چوہری بدستور اپنے موقف پر قائم

اتوار 20 جولائی 2025 14:45

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2025ء) قائد کشمیر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کے منتیں ترلے، پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت سے ملاقات کروانے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا جانے لگا۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہری بدستور اپنے موقف پر قائم۔

سردار تنویر الیاس، زرداری ہاؤس کے چوری ریاض اور سردار یعقوب خان نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا در پکڑ لیا۔ آزاد کشمیر میں تحریک عدم اعتماد کو کامیاب کروانے کے لیے سردار تنویر الیاس پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کو نیچا دکھانے اور حکومت سے فارغ کروانے کے لیے سردار تنویر الیاس خان پوری طرح متحرک ہو چکے ہیں جبکہ ذرائع کا دعوی ہے کہ انہوں نے چار ارکان اسمبلی کو رام بھی کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب چوہدری انوار الحق ببانگ دہل یہ بات کہتے دکھائی دیتے ہیں کہ جب بھی نمبر گیم میں 27 کا فگر پورا ہوگا وہ از خود ہی حکومت چھوڑ کر گھر چلے جائیں گے۔ ذرائع نے یہ دعوی بھی کیا ہے کہ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی جانب سے تحریک عدم اعتماد میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جبکہ مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت اور وفاق کی جانب سے بھی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ساتھ روابط بحال کر لیے گئے ہیں۔ اب اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے یہ تو وقت ہی بتائے گا مگر بیرسٹر سلطان محمود چودری آزاد کشمیر کی سیاست میں لازم و ملزوم کی حیثیت اختیار کر چکے ہیں، اور تحریک عدم اعتماد ایک بار پھر تعطل کا شکار دکھائی دیتی ہے۔