Live Updates

خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا نہ ہونا سیاسی سازش ،سپیکر کے پی توہین آئین کے مرتکب ہورہے ہیں، وزیرمملکت طلال چوہدری

اتوار 20 جولائی 2025 23:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2025ء) وزیر مملکت برائے امور داخلہ و سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا نہ ہونا ایک سیاسی سازش کا حصہ ہے جس کی قیادت خود سپیکر کے پی اسمبلی کر رہے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدالت کی واضح ہدایات کے باوجود مخصوص نشستوں پر ارکان کی حلف برداری کو روک کر سپیکر نے نہ صرف عدالتی حکم کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے بلکہ توہین آئین کے مرتکب ہورہے ہیں۔

یہ عمل نہ صرف غیر جمہوری بلکہ غیر آئینی بھی ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ کے پی اسمبلی کے اندر ایک منظم طریقے سے جمہوری عمل کو روکا جا رہا ہے۔سینیٹر طلال چوہدری نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں کورم کی کمی ایک طے شدہ منصوبے کے تحت پیدا کی گئی تاکہ مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ارکان حلف نہ اٹھا سکیں اور سینیٹ کے انتخابات کو متاثر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ پی ٹی آئی کی قیادت کی ناکام حکمت عملی اور آئینی معاملات سے لاعلمی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قانونی غلطیوں کا نقصان خود پی ٹی آئی کو ہوا جبکہ فائدہ اسمبلی میں موجود دیگر جماعتوں کو ملا جو جمہوری طریقہ کار کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا ایوان بھی پی ٹی آئی کی پالیسیوں اور غیر سنجیدہ رویوں کی وجہ سے تاحال نامکمل ہے۔

انہوں نے سینیٹ الیکشن سے متعلق بانی پی ٹی آئی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ہر بار سینیٹ الیکشن کے موقع پر نشستیں بیچنے کا بازار گرم کرتے ہیں۔ اگر ٹکٹ دینے سے پہلے بولی ہی لگوانی ہوتی ہے تو پھر عوام اور پارٹی کے ساتھ یہ ڈرامہ کیوں کیا جاتا ہے۔ طلال چوہدری نے سوال اٹھایا کہ سینیٹ میں ہمیشہ ارب پتی افراد کو ہی ٹکٹ کیوں دیئے جاتے ہیں اوریہ مکروہ کھیل صرف کے پی میں ہی کیوں کھیلا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ٹکٹ کی تقسیم صرف پیسے کے بل پر ہونی ہے تو پھر ٹکٹ دینے کا ڈرامہ کیوں کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کے پی اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کی وجہ سے سینیٹ کا ایوان مکمل نہیں ہو پا رہا جو کہ ایک سنگین آئینی و جمہوری جرم ہے۔وزیر مملکت نے خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردوں کو قابو کرنے میں مکمل ناکام ہو چکی ہے، صوبے میں بدامنی کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور عوام عدم تحفظ کا شکار ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صحت اور تعلیم کا نظام بھی زبوں حالی کا شکار ہے۔ اسلام آباد کے بڑے ہسپتال خیبر پختونخوا سے آئے مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں جو اس امر کا ثبوت ہے کہ صوبے میں بنیادی سہولیات میسر نہیں رہیں۔انہوں نے خیبر پختونخوا میں سامنے آنے والے مالیاتی سکینڈلز پر بھی شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بڑے کرپشن کیسز اسی صوبے سے سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوہستان سکینڈل جیسے واقعات پر کوئی کارروائی نہ ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت خود کو ہر قسم کی تحقیقات اور احتساب سے بالاتر سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رویہ قابل قبول نہیں اور ایسے سکینڈلز پر فوری تحقیقات اور سزائیں ہونی چاہییں تاکہ قانون کی عملداری قائم ہو۔انہوں نے کہا کہ کے پی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینا، سینیٹ کا ایوان مکمل نہ ہونے دینا، امن و امان کی دگرگوں صورتحال، صحت و تعلیم کی تباہ حالی اور کرپشن کے بڑھتے ہوئے واقعات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ پی ٹی آئی حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

سینیٹر طلال چوہدری نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) جمہوری اداروں کے تحفظ اور آئین کی بالادستی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی کو بھی آئینی و جمہوری نظام سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مون سون اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پنجاب میں حکومتی انتظامات کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ اس سال بارشیں کافی زیادہ ہوئی ہیں تاہم اس سلسلہ میں حکومتی اتنظامات بھی مثالی تھے۔ انہوں نے کہا کہ چند ایک مقامات سے نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے ازالہ کیلئے تخمینہ لگایا جارہا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات