پنجاب کی ترقی کے منصوبے دل کے قریب ہیں‘ وزیراعلیٰ مریم نواز

پیر 21 جولائی 2025 23:16

پنجاب کی ترقی کے منصوبے دل کے قریب ہیں‘ وزیراعلیٰ مریم نواز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جولائی2025ء)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی کے منصوبے میرے دل کے بے حد قریب ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔یہ بات انہوں نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے وزیراعلیٰ کو صوبے میں روڈز کی تعمیر و بحالی، بہاولپور میں برن سنٹر کے قیام، فیلڈ ہسپتالز، کلینک آن ویل اور ''مریم نواز ہیلتھ کلینک'' جیسے عوامی فلاحی منصوبوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ڈپٹی اسپیکر نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر شہر کی یکساں ترقی کے وژن کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے ایئر ایمبولینس سروس، فیلڈ اسپتالز اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دے دی گئی، جبکہ سول اسپتال بہاولپور کے قریب اس منصوبے کی تعمیر پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے کا تفصیلی پلان فوری طور پر طلب کر لیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو ترقیاتی دھارے میں شامل کرنا ہمارا عزم ہے، ہم صحت، تعلیم، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر تیزی سے کام کر رہے ہیں۔