Live Updates

آل سندھ گورنمنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کا صوبائی ملازمین کے مطالبات منظور نہ ہونے پر آج کراچی پریس کلب پر احتجاج کا اعلان

منگل 22 جولائی 2025 03:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)گورنمنٹ سندھ کے تمام ملازمین کے ساتھ مسلسل سوتیلی ماں والا سلوک کیا جا رہا ہے 23 جون کو ہونے والے احتجاج کے موقع پر صوبائی وزرا سعید غنی،ضیا لنجار،سیکریٹری سروسز،فنانس کے سینئر افسران سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا تھا۔ لیکن تاحال وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا۔جس پر وزیر اعلی سندھ،چیف سیکریٹری سندھ،سیکریٹری سروسز،کمشنر کراچی،ڈٹپی کمشنر ساوتھ اور آئی جی سندھ کو خطوط روانہ کرکے 22 جولائی 2025 سے پہلے سندھ کے ملازمین کے مطالبات پر میٹنگ کر کے ہمارے مطالبات تسلیم کرنے کی ڈیڈ لائن دی گئی تھی۔

لیکن ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کیئے گئے جس پر دی گئی ڈیڈ لائن کے خاتمے پر ہم 22 جولائی 2025 کو وزیر اعلیٰ کے سامنے احتجاج کرینگے۔

(جاری ہے)

ہمارے مطالبات ہیں کہ سندھ کے ملازمین کو DRA وفاق کی طرز پر دیا جائے۔ تنخواہ میں 50% فیصد اضافہ کیا جائے ڈسپریٹی الاؤنس 30% دیا جائے۔ پینشن میں 30% فیصد اضافہ کیا جائے۔ پیرا میڈیکل اسٹاف ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ملازمین کو سروس اسٹرکچر دیا جائے۔

بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں ٹریژری سے آن لائن کی جائیں۔ گروپ انشورنس تمام ملازمین کو KPK اور بلوچستان کی طرز پر ریٹائرمنٹ کے وقت دیا جائے۔ یوٹیلٹی الاؤنس تمام صوبائی ملازمین کو ملنا چاہیے۔ ٹائم اسکیل تمام ملازمین کو دیا جائے۔ سروس اسٹرکچر پرائمری اسکول ٹیچر کو دیا جائے۔ 2001 سے 2018 تک کے ٹیسٹ پاس کئے جانے والے ٹیچرز کو کنفرم کیا جائے سندھ گورنمنٹ کے تمام ملازمین کو ہاؤس ہائرنگ دیا جائے سندھ گورنمنٹ کے تمام ملازمین کو ہیلتھ کارڈ جاری کیا جائے۔

حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن حیدرآباد کے ملازمین کی تنخواہیں ایک سال سے رکی ہوئی ہیں انہیں جاری کیا جائے ان خیالات کا اظہار آل سندھ گورنمنٹ ایمپلائز ایکشن کمیٹی کے رہنماوں مہران لیبر فیڈریشن کے مرکزی رہنما اور آل سندھ ایریگیشن ٹریڈ یونین فیڈریشن کے صوبائی صدر میاں عبدالرحیم بھرو جنہیں آل سندھ گورنمنٹ ایمپلائز اتحاد کا چیئرمین مقرر کر دیا گیا ہے۔

انکی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔جس میں حاجی شفیع محمد (PTLF)، علی مردان شیخ (آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن)،مقصود احمد مہیسر (صدر جی ایس ٹی اے سندھ)، عبدالرحمٰن شر (چیئرمین محکمہ صحت سندھ)، اسد اللہ درانی (چیئرمین اے بی سی اے پاکستان)، شمس الدین سوہو (صدر مہران ٹیچرز ایسوسی ایشن)، عابد حسین چانڈیو، میرل خان بھرگری (اے بی سی اے رہنما)، فراز احمد ساقی (صدر لوئر اسٹاف سندھ)، ڈاکٹر محمد سعید احمد (صدر لوئر اسٹاف سندھ)، ڈاکٹر محمد سعید خان (لیڈر ووکیشنل ایسوسی ایشن)، عمران خان جونیجو (مرکزی چیئرمین پی ٹی ایل ایف)، سکندر جتوئی، میر عرفان احمد رندسمیت دیگر ممبران نے شرکت کی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 22 تاریخ کو ہونے والا احتجاج ضرور ہوگا۔

آل گورنمنٹ ایمپلائز اتحاد کے چیئرمین میاں عبدالرحیم بھرو نے 22 جولائی کو کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کے جائز مطالبات کی منظوری تک پرامن احتجاج جاری رہے گا۔ حکومت سے ملازمین کے مسائل فوری حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات