محمد اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات،عالمی گورننس کو مضبوط کرنے اور اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور

منگل 22 جولائی 2025 19:16

محمد اسحاق ڈار کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات،عالمی ..
نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2025ء)نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فیلیمون یانگ سے ملاقات کی،انہوں نے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے عالمی امور میں مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی گورننس کو مضبوط کرنے اور اقوام متحدہ میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ عالمی برادری کی توقعات پوری کر سکے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق دونوں رہنمائوں نے مشرق وسطیٰ، ایران، افغانستان اور خطے کے دیگر حالات سمیت اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود اہم امور، جیسے پائیدار ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے صدر جنرل اسمبلی کی قیادت میں’’پیکٹ فار دی فیوچر‘‘اور ’’یو این 80 انیشیٹو‘‘کو آگے بڑھانے کی کوششوں کی تعریف کی اور ان اقدامات میں ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اقوام متحدہ زیادہ موثر، جامع اور چیلنجز سے نمٹنے کے قابل ہو۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی کونسل کی اصلاحات، بشمول اسے جمہوری اور موثر بنانے کی ضرورت پر بھی بات ہوئی۔ نائب وزیراعظم/وزیر خارجہ نے بھارت کے جارحانہ رویے، پروپیگنڈا مہمات اور سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی اقدامات، بشمول مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم اور پاکستان کے خلاف پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی پر عالمی توجہ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تمام تنازعات کے پرامن حل کے لیے بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر جنرل اسمبلی نے امن، ترقی اور شمولیت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے موثر کثیرجہتی نظام اور اقوام متحدہ کی مرکزی حیثیت کو تمام انسانیت کی خدمت سے متعلق اپنے وڑن سے آگاہ کیا۔