Live Updates

سانحہ 9 مئی ایک حقیقت ہے اگر پراسیکیوشن نہیں ہوگی تو ریاست مذاق بن جائے گی

کیا یہ بیانیہ نہیں بناتھا کہ خان ہے تو پاکستان ہے، خان کی گرفتار ی ہماری ریڈ لائن ہے، یہ بیانیہ بنانے کیلئے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، ملک کے دفاعی ادارے پر حملہ کیا گیا۔ وفاقی مشیر رانا ثناء اللہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 جولائی 2025 21:16

سانحہ 9 مئی ایک حقیقت ہے اگر پراسیکیوشن نہیں ہوگی تو ریاست مذاق بن جائے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 22 جولائی 2025ء ) وفاقی مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سانحہ 9 مئی ایک حقیقت ہے اگر پراسیکیوشن نہیں ہوگی تو ریاست مذاق بن جائے گی، کیا یہ بیانیہ نہیں بناتھا کہ خان ہے تو پاکستان ہے،خان کی گرفتار ی ہماری ریڈ لائن ہے،یہ بیانیہ بنانے کیلئے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاسی کارکن ہونے کے ناطے میں خوشی کا اظہار نہیں کرسکتا کہ کسی کارکن کو دو یا 10سال سزائیں ہوں، ہم خود ان راہوں سے گزرے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ ان لمحات کے انسان کی زندگی پر کیا اثرات ہوتے ہیں۔

9مئی ایک حقیقت ہے کوئی ڈرامہ نہیں ہے، کہ ایک سیاسی جماعت نے ملک کے دفاعی ادارے پر حملہ کیا، لاہور میں کس کے گھر کو آگ لگائی گئی، اس گھر میں کون رہتا تھا؟پشاور کس گھر کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی ،وہاں تاریخی عمارت ریڈیو پاکستان کی اس کو آگ لگائی گئی، ساتھ ایک بکر منڈی تھی وہاں جانوروں سمیت سب کچھ جلا دیا گیا۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں کس ادارے کے ہیڈکوارٹرز پر حملہ کیا گیا، میانوالی میں ایئربیس پر حملہ کیا گیا، نقصان پہنچایا گیا اور باہر شہید کی پوٹریٹ کو گرا کر ڈنڈے مارے گئے۔

کل تک یہ بات ہوتی تھی کہ 9مئی ہوا ہے؟ اگر 9مئی ہوا ہے تو عدالتوں میں ثبوت پیش کئے جائیں،اور اگر کسی کا کوئی قصور ہے تو سزائیں دی جائیں، 9مئی کے حوالے سے پراسکیوشن کو نتیجہ تو سامنے آنا ہے، جو لوگ ملوث تھے ان کو سزائیں بھی ہوں گی اور بری بھی ہوں گے۔جس سے سیاسی جماعت نے 9مئی کیا اس کو قانونی اور سیاسی طور پر معاملے کو ہینڈل کرنا چاہیئے تھا۔

کیا یہ بیانیہ نہیں بنایا گیا تھا کہ خان ہے تو پاکستان ہے،خان نہیں تو پاکستان نہیں، خان کو گرفتار کرنا ہماری ریڈ لائن ہے۔ یہ بیانیہ بنانے کیلئے لوگوں کی ذہن سازی کی گئی، جس دن عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ملک بھر میں پی ٹی آئی کا احتجاج ایک ہی سمت میں گیا۔ کیا زمان پارک سے گورنر ہاؤس نزدیک تھا یا جناح ہاؤس؟ اگر حکومت کیخلاف احتجاج تھا تو گورنر ہاؤس کا جلاؤ گھیراؤ کرتے۔ یہ منصوبہ بندی تھی جس پر عملدرآمد کیا گیا۔ 9مئی حقیقت ہے اگر پراسیکیوشن نہیں ہوگی تو ریاست مذاق بن جائے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات