کوئی دن آسان نہیں‘ تحریک انصاف نظریے کی قیمت چکا رہی ہے،زرتاج گل

منگل 22 جولائی 2025 21:06

کوئی دن آسان نہیں‘ تحریک انصاف نظریے کی قیمت چکا رہی ہے،زرتاج گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2025ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان اور قیادت ہر روز عدالتوں میں پیش ہو رہی ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی ملک میں رہ کر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، وہ نواز شریف یا آصف زرداری کی طرح بیرون ملک نہیں بھاگے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک نظریاتی جماعت ہے، کوئی خاندانی سیاسی ڈھانچہ نہیں، یہاں فیصلے بانی پی ٹی آئی ہی کرتے ہیں، جنہیں قیادت، کارکنان اور وکلاء مکمل طور پر تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے عدالتوں کے رویے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالتوں میں صرف تحریک انصاف کے رہنما، وکلا اور کارکنان کے کیسز پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ دیگر جماعتوں کو استثنیٰ حاصل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے بعد تحریک انصاف کے لیے کوئی دن آسان نہیں رہا، کارکنان پر گولیاں چلائی گئیں، اور الٹا انہی پر مقدمات قائم کر دیے گئے۔ سوال کرنا ہر کارکن کا حق ہے، مگر ہم سے یہ حق بھی چھینا جا رہا ہے۔

انہوں نے جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ ہونے پر شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، حالانکہ جیل ٹرائل کے دوران مکمل ملاقات کی اجازت ہونی چاہیے۔ زرتاج گل نے مطالبہ کیا کہ انسدادِ دہشت گردی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے اور ان کی جانب سے دی گئی ملاقات کی فہرست میں شامل افراد کو ان سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی اس وقت سب سے بڑی آزمائش سے گزر رہے ہیں، لیکن ہم ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔