مون سون بارشوں کے دوسرے مرحلے میں جڑواں شہروں کے مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا

منگل 22 جولائی 2025 22:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جولائی2025ء) ملک بھر کی طرح جڑواں شہروں میں پیر کے روز شروع ہونے والے مون سون بارشوں کے دوسرے مرحلے میں جڑواں شہروں کے مکین شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوگئے سید پور ویلیج میں برساتی نالوں میں طغیانی اور نقصانات کے بعد راولپنڈی میں نشیبی علاقوں کے مکینوں نے بھی رات جاگ کر گزاری۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ اے 5 میں باپ بیٹی گاڑی سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے جبکہ راولپنڈی میں اندرون شہر بھی جہاں نالہ لئی کی سطح خطرے کے نشان تک پہنچ گئی اور خطرے کے سائرن بجا کر قریبی آبادیوں کو الرٹ کیا گیا وہیں پر بیشتر شاہراہوں اور علاقوں میں پانی بھر جانے سے ٹریفک کا نظام معطل رہا سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے بارش کے دوران جاری ہونے والی آگاہی پیغامات کے مطابق شدید بارش کے باعث سٹی سرکل میں ڈنگی کھوئی چوک پر پانی کا ریلا، گنج منڈی پل پر پانی، جامع مسجد روڈ، بنی چوک، اقبال روڈ، بانساں والا چوک، نیو ٹاؤن سرکل میں سروے آف پاکستان سے فیض آباد موڑ، راول روڈ ٹرن، صادق آباد چوک، مری روڈ سرکل میں شاہین چوک سے فوجی ٹاور، قصرِ شیریں، بھابڑہ بازار، کمیٹی چوک انڈر پاس، لیاقت باغ، اڈیالہ سرکل میں خواجہ کارپوریشن، بسکٹ فیکٹری چوک، ہارلے سٹریٹ، جراحی سٹاپ، آدڑہ روڈ، ٹنچ آخری سٹاپ، ڈھوک سیداں چوک، مہرآباد، صفدر آباد پل (پیرودھائی)، کوہِ نور ملز سٹاپ، مصریال پُلّی، سول لائنز سرکل میں مریڑ چوک، منارہ کٹ (جہلم روڈ)، نذر چوک سے انیکسی چوک (سی او ڈی پل کے نیچی)، شاہ خالد کالونی موڑ، فیصل کالونی موڑ (ائرپورٹ روڈ) اسی طرح کینٹ سرکل میں مانسہرہ اڈہ پر پانی جمع ہوجانے سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی اور ٹریفک کی لائنیں لگی رہیں ادھر واسا کے مطابق جڑواں شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش اور محکمہ موسمیات کی پشین گوئی پر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے ایم ڈی واسا محمد سلیم اشرف نے بتایا کہ شہر میں پہلے ہی رین ایمرجنسی نافذ ہے جبکہ واسا کا عملہ ہیوی مشینری کے ساتھ نشیبی علاقوں میں موجود ہے انڈر پاس کمیٹی چوک، لیاقت باغ، بی بی ایچ مری روڈ اور صادق آباد کے نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری تعینات ہے اسی طرح شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے تاہم ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔