وزیر اعلیٰ بلوچستان سےپشین سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ طالب علم ہمایوں خان کاکڑ کی ملاقات

منگل 22 جولائی 2025 23:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے منگل کو پشین سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ طالب علم ہمایوں خان کاکڑ نے ملاقات کی ،وزیر اعلیٰ نے ملاقات کے دوران کم سن طالب علم کی مزاج پرسی کی،ان کی بہادری کو سراہا اور ان سے دلی ہمدردی اور شفقت کا اظہار کیا ۔اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی ظفر آغا بھی موجود تھے ،وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست اپنے شہداکے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور معصوم بچوں کے مستقبل کی مکمل ذمہ داری حکومت پر ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہمایوں خان کاکڑ کے تمام تعلیمی اخراجات حکومت بلوچستان کی جانب سے اٹھانے کا اعلان کیا ،انہوں نے محکمہ داخلہ کو ہدایت دی کہ شہید ڈاکٹر محمد صدیق کے کمپنسیشن چیک کی فوری اجراکی کارروائی مکمل کی جائے تاکہ شہید کے اہل خانہ کو بروقت مالی معاونت فراہم کی جا سکے ،وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی ۔واضح رہے کہ کم سن طالب علم ہمایوں خان کاکڑ کے والد ڈاکٹر محمد صدیق رواں سال 20 جون کو دہشت گردی کے ایک حملے میں شہید ہو گئے تھے ،ٹارگٹ کلنگ کے اس افسوسناک واقعے میں ہمایوں خان بھی زخمی ہوئے تھے ۔