گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبےپر بھی بھرپور انداز میں کام جاری ہے،جی ڈی اے

منگل 22 جولائی 2025 23:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2025ء) گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی گوادر سمارٹ پورٹ سٹی ماسٹر پلان کے تحت شہر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ "اولڈ ٹاؤن بحالی منصوبے" پر بھی بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شہر کے تاریخی ورثے بالخصوص قدیم تعلیمی اداروں اور بنیادی انفراسٹرکچ تعمیر و توسیع، تحفظ اور بحالی ہے۔

منصوبے کے تحت شہر کے دو قدیم و اہم تعلیمی اداروں گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں کلاس رومز، امتحانی ہالز، لائبریری، کیفیٹیریا، کھیل کے میدان اور چار دیواری سمیت کئی اہم سہولیات کو جدید تقاضوں کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ جی ڈی اے شہر کے پانچ اہم تاریخی مقامات برطانوی دور کا ٹیلیگراف آفس، چارپادگو، عمانی واچ ٹاور، پرتگیزی قلعہ اور عمانی فورٹ کی مرمت، بحالی اور تحفظ پر بھی کام کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

زیر نظر تصویر گورنمنٹ گرلز ہائی سکول گوادر میں موجود تقریباً عمانی دور کی قدیم ورثہ کی ہے جو کسی زمانے میں برٹش ایجنٹ اور بعد میں پاکستان ملٹری سمیت مختلف اداروں کے زیر استعمال رہی ہے اور اب سکول کے ایڈمنسٹریشن بلاک کے طور پر زیرِ استعمال ہے، کو محفوظ رکھنے کے لیے جی ڈی اے اس کی تعمیر و تزئین اور بحالی و توسیع کا کام مکمل کر رہی ہے۔یہ منصوبہ نہ صرف سکول کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے گا بلکہ تاریخی ورثے کو محفوظ رکھ کر گوادر کی جدید ترقی کے ساتھ ہم آہنگی کو یقینی بنائے گا۔