’مریم کی گاڑی چلانے والے اب بہت ہیں‘ کیپٹن صفدر نے ناراضگی کا اظہار کردیا، اعزاز سید کا دعویٰ

وزیراعلیٰ پنجاب کے شوہر نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا، اس انٹرویو میں ان سے سوال کیا گیا کہ ’پہلے آپ مریم صفدر کی گاڑی چلاتے تھے لیکن آج کل نہیں چلاتے اس کی وجہ کیا ہے؟‘؛ صحافی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی بدھ 23 جولائی 2025 13:15

’مریم کی گاڑی چلانے والے اب بہت ہیں‘ کیپٹن صفدر نے ناراضگی کا اظہار ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جولائی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق ایک معاملے پر ان کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ناراضگی بارے ایک نیا دعویٰ سامنے آگیا۔ اس حوالے سے صحافی اعزاز سید کا کہنا ہے کہ ’کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے حال ہی میں ایک انٹرویو دیا، اس انٹرویو میں ان سے سوال کیا گیا کہ ’پہلے آپ مریم صفدر کی گاڑی چلاتے تھے لیکن آج کل نہیں چلاتے اس کی وجہ کیا ہے؟‘، اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’پہلے میں مریم نواز کی گاڑی چلاتا تھا تو ایک نظریے کی گاڑی چلاتا تھا، ایک لیڈر کی گاڑی چلاتا تھا، اب مریم کی گاڑی چلانے والے اور بہت سے آ گئے ہیں‘، اعزاز سید کا کہنا ہے کہ اس جواب میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

 
کچھ عرصہ قبل سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا یہ کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کو دلہن کی طرح سجا دیا، مریم نواز صرف پنجاب کی وزیراعلیٰ نہیں بلکہ وہ صوبہ خیبر پختونخوا کی بہو بھی ہیں، پنجاب ترقی کر رہا ہے لیکن خیبر پختونخواہ کی حالت بدترین ہو رہی ہے، کوئی پتا نہیں صوبے میں پی ٹی آئی کی حکومت کب ختم ہو جائے، 11 سال میں خیبر پختونخواہ میں کوئی ہسپتال یا یونیورسٹی نہیں بنی، اس صوبے کو شہباز شریف کی سوچ اور مریم نواز کی محنت درکار ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ 40 سال میں نواز شریف جیسا ایماندار لیڈر نہیں دیکھا، نواز شریف چاہتے ہیں کہ ہماری نسلیں ڈاکٹر قدیر بنیں صحت و تعلیم عام ہو، اگر ان کے منصوبے نکال دیں تو خیبر پختونخواہ میں ترقیاتی کام نظر نہیں آتے، 11 سال کی حکمرانی نے خیبر پختونخواہ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا، صوبے کے عوام مزید محرومی چاہتے ہیں یا ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں؟ غلیلیں لے کر وفاق پر چڑھائی کرنے والے قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔