اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، عون چوہدری

بدھ 23 جولائی 2025 20:17

اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، عون چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون ثقلین چوہدری سے برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاک برطانیہ تعلقات، باہمی تعاون اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ڈاکٹر محمد فیصل نے وزیر مملکت برائے اوورسیزپاکستانیزعون ثقلین چوہدری کو برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مسائل، مشکلات اور ضروریات سے آگاہ کیا اور دو طرفہ تعلقات کی حالیہ پیش رفت پر بریفنگ دی اور ان مسائل کے حل کے لئے لندن،برطانیہ میں پاکستانی سفارتخانے کی سرگرمیوں سے تفصیلاً آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر مملکت برائے اوورسیز عون چوہدری نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے قومی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہمیشہ وطن کی ترقی میں مثبت اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اوورسیز کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہیں اور ان کے مسائل کے فوری حل اور سہولیات کی فراہمی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہے ہیں۔

عون چوہدری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ انہیں سہولت، تحفظ اور مکمل معاونت فراہم کی جا سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں شخصیات نے باہمی روابط کے فروغ اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔