پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو پانچ سالوں میں سترارب کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی

بدھ 23 جولائی 2025 20:38

پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو پانچ سالوں میں سترارب کی سرمایہ کاری کرنا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)نجکاری کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو پانچ سالوں میں ستر ارب کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق ذرائع نجکاری کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے پری کوالیفائیڈ کمپنیوں کیلئے مطلوبہ عمل شروع ہو چکا ہے، بولی دہندہ کمپنیاں پی آئی اے کے حساب اور اثاثوں کی جانچ پڑتال کر رہی ہیں۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے لیے بولی دہندگان کو ایک ڈیٹا سینٹر کے ذریعے جانچ پڑتال کا موقع دیا جا رہا ہے، آئندہ ہفتے سے پری کوالیفائیڈ کمپنیوں کے سائٹ وزٹ اورایکسپرٹ سیشن شروع ہوں گے، ایکسپرٹ سیشن میں طیاروں کی کنڈیشن اور روٹس پر بریفنگ ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے کی خریدار پارٹی کو پانچ سالوں میں ستر ارب کی سرمایہ کاری کرنا ہوگی، گزشتہ بڈنگ میں سرمایہ کاروں کیمطالبات پورینہ ہونیکیباعث سرمایہ کار نکلے۔

(جاری ہے)

سرمایہ کاروں کو اب طیاروں کی خریداری پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ حاصل ہو گی، پی آئی اے کی نجکاری میں پری کوالیفائیڈ کمپنیوں کے مطالبات پورے ہو چکے ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے پری کوالیفائیڈ کمپنیوں کے دونوں مطالبات ماننے کی اجازت دی ہوئی ہے، پی آئی اے کی کم بولی کی بڈنگ سے نئی بڈنگ پر اثر نہیں پڑے گا، حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ پی آئی اے کی ایکویٹی کو خراب نہ ہونے دیا جائے۔