مقبوضہ کشمیر ،3نوجوان گرفتار، مزید3 کشمیریوں کوعمر قید کی سزائیں

بدھ 23 جولائی 2025 23:36

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جولائی2025ء)غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے گڈورہ میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران 3 نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گرفتارنوجوانوںطارق احمد، بلال احمد اور مدثر احمدکے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مقدمہ درج کرکے انہیں مشترکہ تفتیشی مرکز منتقل کیا گیاہے۔

دریں اثناء ضلع اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے عدالتی تعصب کاواضح اظہارکرتے ہوئے 2017میں درج ایک من گھڑت مقدمے میں مزید 3 کشمیریوں کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ یہ فیصلہ جموں میں اسی طرح کی سزا سنائے جانے کے صرف ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس سے قانونی ماہرین میں شدید تشویش پیدا ہوگئی ہے جو ان فیصلوں کو کشمیریوں کے خلاف بھارت کی جابرانہ مہم کا حصہ قراردے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

غاصب بھارتی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف آج ضلع شوپیاں میں مکمل ہڑتال کی گئی۔ تاجروں اور سول سوسائٹی کے ارکان کیساتھ ساتھ تمام سیاسی جماعتوںکے رہنمائوں نے بھی احتجاج میںشرکت کی اورخبردارکیاکہ ا گر عوامی مفادات کیخلاف یکطرفہ فیصلے ہوتے رہے تو شدید احتجاج کیاجائے گا۔جموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے مقبوضہ علاقے میں سیاسی اور انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال بالخصوص کشمیری نظربندوں کی حالت زار پر سخت تشویش کا اظہار کیاہے۔

ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کیلئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے کیلئے ظلم وتشدد کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کررہا ہے۔ پارٹی نے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مداخلت کریں اور غیر قانونی طور پر نظر بندتمام کشمیریوں کی رہائی کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔

ادھر امریکہ میں مقیم کشمیریوںکے ممتاز رہنمائوں نے ورجینیا میں منعقدہ ایک اجلاس میں 5 اگست کو منعقد ہونے والے مختلف پروگراموں کی تیاری کا جائزہ لیا۔ ان پروگراموںمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور کشمیر کاز کے لیے بین الاقوامی حمایت حاصل کرنے کے لیے واشنگٹن ڈی سی اور نیویارک میں ڈیجیٹل ٹرک مہمات شامل ہیں۔