پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا رہی ہے‘ رمیش سنگھ اروڑہ

جمعرات 24 جولائی 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2025ء) یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام اساتذہ کی تربیت سے متعلق خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیئرمین یونیک گروپ عبدالمنان خرم، چئیرمین سہارا گروپ ابرار الحق، فیکلٹی ممبران اور بڑی تعداد میں اساتذہ کرام نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے اپنے خطاب میں یونیک گروپ کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ جان کر فخر محسوس ہو رہا ہے کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز میں 83,000 سے زائد بچے اور بچیاں معیاری تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ پرفارمنگ آرٹس جیسے جدید شعبوں کے ذریعے اساتذہ کی تربیت ایک قابلِ تقلید اور انقلابی قدم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں مختلف زبانیں، مذاہب اور ثقافتیں ہم آہنگی کے ساتھ پھل پھول رہی ہیں۔

یونیک ادارے میں مسیحی اساتذہ اور طلبہ کی شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ قومی ہم آہنگی اور بین المذاہب یکجہتی کو فروغ دے رہا ہے۔ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مسیحی برادری کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔رمیش سنگھ اروڑہ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھا رہی ہے۔ ہم نے صوبہ بھر میں ای لرننگ کا آغاز کر دیا ہے اور اب طلبہ کے لیے خصوصی کوچنگ کلاسز کا دائرہ بھی وسیع کر رہے ہیں تاہم اساتذہ کی تربیت قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔

تقریب سے چیئرمین یونیک گروپ عبدالمنان خرم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں، ان کے کردار کی اہمیت کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ آج کا استاد صرف ایک مضمون پڑھانے والا نہیں بلکہ ایک رہنما، ایک مشعل راہ، اور ایک فکری معمار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یونیک گروپ تعلیم کے شعبے میں جدت اور شفافیت کے ساتھ ا?گے بڑھ رہا ہے، اور طلبہ کی کردار سازی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے طلبہ نہ صرف علمی اعتبار سے مضبوط ہوں بلکہ اخلاقی، سماجی اور ثقافتی سطح پر بھی ایک روشن مثال بنیں۔تقریب کے اختتام پر تربیتی سیشن میں شریک اساتذہ کو اعزازی اسناد بھی دی گئیں جبکہ معروف ڈرامہ نگار حسیب پاشہ اور دیگر کو بھی یادگاری شیلڈز سے نوازا گیا۔