ٓچین-پاک جوائنٹ لیبارٹری آن ماڈرن ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا قیام ،معاہدے پر دستخط

جمعرات 24 جولائی 2025 22:23

لانچو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2025ء)چین کی گانسو اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز (جی اے اے ایس) اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور(آئی یو بی) کے درمیان"چین-پاک جوائنٹ لیبارٹری آن ماڈرن ایگریکلچر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی" کے قیام کیلئے معاہدے پر دستخط ہو گئے، جس کا مقصد زیادہ پیداوار اور اعلیٰ معیار کی فصلوں کی افزائش، پائیدار زرعی ترقی کی ٹیکنالوجیز، زرعی وسائل کے مؤثر استعمال، اور زرعی ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے مشترکہ تحقیق کو فروغ دینا ہے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق گانسو اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز کے صدر، چانگ ہونگ نے کہا کہ "پاکستان کو زرعی ترقی کے حوالے سے پانی کی قلت اور زرعی مشینری کی کمی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، ماضی میں گانسو کو بھی انہی مسائل کا سامنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مشترکہ لیبارٹری کے قیام کے ذریعے ہم چین کا برسوں پر محیط تجربہ جس میں خشک زمین پر کاشتکاری کی ٹیکنالوجیز، فصلوں کی کاشت کے جدید ماڈلز، اور زرعی مشینری کی معاون اسکیمیں شامل ہیں اس کو پاکستان کے لیے مقامی حالات سے ہم آہنگ قابلِ عمل حل فراہم کریں گے۔

چائنہ اکنامک نیٹ کے مطابق معاہدے کے تحت گانسو اور بہاولپور میں تحقیقاتی مراکز قائم کیے جائیں گے، جہاں چینی ٹیکنالوجیز کو مقامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر، پاکستان کے خشک علاقوں میں اناج و دالوں کی مخلوط کاشت اور پانی بچانے والی ٹیکنالوجیز کو فروغ دیا جائے گا، تاکہ زمین کی پیداواری صلاحیت اور مزاحمت میں اضافہ ہو۔

اس کے علاوہ پاکستانی جراثیمی وسائل (germplasm) کو چینی تجربے کے ساتھ ملا کر زیادہ پیداوار دینے والی فصلیں تیار کی جائیں گی، جبکہ پاکستانی زرعی ماہرین کے لیے تربیتی و تبادلہ پروگرام بھی شروع کیے جائیں گے۔اسلامیہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر محمد کامران نے کہا کہ پاکستان میں زراعت تقریباً 40 فیصد مزدور طبقے کی کفالت کرتی ہے، اس لیے زرعی شعبے کی جدید کاری اور تحقیق پر مبنی حل نہایت ضروری ہیں تاکہ خوراک کی حفاظت، ماحولیاتی موافقت، اور اقتصادی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

ہم اس مشترکہ لیبارٹری کو ایک مثالی تعاون کی علامت کے طور پر دیکھتے ہیں، جہاں پاکستانی اور چینی سائنسدان، محققین، اور طلبا مل کر کام کریں گے، مشترکہ علم، جدید سہولیات، اور تخلیقی ہم آہنگی سے فائدہ اٹھائیں گے۔