صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھیتران کی ضلع مستونگ اور مچھ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعرات 24 جولائی 2025 21:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ و واسا بلوچستان سردار عبدالرحمن کھیتران نے ضلع مستونگ اور مچھ میں ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ان سانحات کو قومی المیہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے دشمن عناصر ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ان افسوسناک واقعات میں پاک فوج کے ایک میجر رینک کے افسر سمیت دو اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ آٹھ بہادر جوان زخمی ہوئے۔ انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مادرِ وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنا سب سے بڑا اعزاز ہے اور ہمارے شہداء نے اپنی لازوال قربانیوں سے تاریخ میں امر ہونے کا حق ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

سردار کھیتران نے کہا کہ پوری قوم اپنے ان عظیم سپوتوں پر فخر کرتی ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ دہشت گردی کے ان واقعات کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لاکر امن کے دشمنوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا ۔انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے باشعور عوام اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں اور یہی قومی یکجہتی دہشت گردی کے خاتمے کی ضامن ہے۔

سردار عبدالرحمن کھیتران کا کہنا تھا کہ حکومت، فوج اور تمام ریاستی ادارے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم اور متحد ہیں اور یہ جدوجہد آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔